کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) نوجوان کو اغوا کر کے تشدد، برہنہ کر کے ویڈیو بنانے کا انکشاف، مقدمہ درج۔کلر سیداں کے نواحی علاقے میں ایک نوجوان کو مبینہ طور پر اغوا کر کے تشدد کا نشانہ بنانے اور برہنہ کر کے ویڈیو بنانے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق محمد رضوان سکنہ چھپر نے پولیس کو درخواست دی کہ وہ چیمبر موڑ کے قریب واقع ایک دوائیوں کی فیکٹری میں بطور لیبر کام کرتا ہے۔ گزشتہ روز وہ ڈیوٹی پر جانے کے لیے اپنے ساتھی اسرار کے ہمراہ اس کے موٹر سائیکل پر روانہ ہوا۔ راستے میں بارش تیز ہونے کے باعث وہ بلال ہوٹل کے سامنے ایک شیلٹر کے نیچے رک گئے۔
مدعی کے مطابق اسی دوران اسرار کو ایک کال موصول ہوئی جس کے بعد وہ اسے زبردستی ڈی ایچ اے کی طرف لے گیا۔ ڈی ایچ اے گیٹ کراس کرنے کے بعد جب وہ موہڑہ بختاں روڈ پر پہنچے تو وہاں پر شعیب، فرحان اور ایک نامعلوم شخص پہلے سے موجود تھے۔مدعی کے مطابق شعیب نے پسٹل نکال کر اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں جبکہ دیگر افراد نے اسے زبردستی برہنہ کر دیا۔
اس دوران اسرار سکنہ سلجور نے اس کی برہنہ حالت میں ویڈیو بھی بنا لی۔ بعد ازاں ایک شخص کو آتا دیکھ کر ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔پولیس نے مقدمہ درج کر کے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔