میرپور شہر کے پارکس و کالجز میں جدید خطوط کے مطابق کام کریں گے‘ چوہدری غلام مرتضیٰ

میرپور ( کامران عابد بخاری نمائندہ پنڈی پوسٹ ) انوائرمنٹ پروٹیکشن فاونڈیشن آزاد کشمیر کے صدر چوہدری غلام مرتضیٰ نے کہا ہے کہ فاونڈیشن ابتداء میں محمد دین بٹ پار ک نانگی میں شجر کاری ،گراس میٹنگ کے علاوہ

تزئین و آرائش کیلئے کام کر رہی ہے۔میرپور شہر کے پارکس و کالجز میں جدید خطوط کے مطابق کام کریں گے ان خیالات کا اظہار اْنہوں نے خصوصی اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔اجلاس میں چیف ایگزیکٹو آزاد گروپ آف کمپنیز چوہدری محمد سعید ،ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفسیر راجہ طلعت مقصود، ایس ڈی او میونسپل کارپوریشن و انچارج شجر کاری امتیاز بٹ،، راجہ کاشف زیب،سید احسن علی ولائیت ایڈووکیٹ، تنویر غازی ، شیخ مقصود احمد، مرزا مقصود احمد، احسان الحق چوہدری ، سید نوازش عباس ،امان حید ر بٹ کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔اس موقع پر سید نوازش عباس نے محمد دین بٹ پارک نانگی میں جاری کام کے حوالے سے اجلاس میں بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر راجہ طلعت مقصود نے کہا کہ ہم فاونڈیشن کو پودوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ہر ممکن تعاون بھی دیں گے اس کا دائرہ کار آزاد کشمیر تک بڑھانا چاہے۔درخت لگانا آسان کام ہے لیکن اس سسٹم کو مستقل بنیادوں پر چلانا مشکل مرحلہ ہے ۔محکمہ جنگلات اس حوالے سے ہر ممکن تعاون کرے گا۔میونسپل کارپوریشن کے ایس ڈی او اور انچارج شجر کاری مہم امتیاز حسین بٹ نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن میرپور محمد دین بٹ پارک نانگی اور دیگر انوائرمنٹ کے پروگراموں میں فاونڈیشن کی ہر ممکن مد د کرئے گی،صدر تنظیم چوہدری غلام مرتضیٰ نے کہا کہ کمیٹی پارک مقامی تاجروں اور کارپوریشن کے تعاون سے پارک کو مثالی بنائیں گے اور پارکس کو انشااللہ مثالی بنائیں گے انشاء اللہ ہم سکولز و کالج سطح پر ادارہ کے سربراہان کے تعاون سے لیکچردیکر شعور اْجاگر کریں گے۔اس موقع پر آزاد گروپ آف کمپنیز کے چیف آیگزیکٹو چوہدری محمد سعید نے فاونڈیشن کیلئے پچاس ہزار روپے عطیہ کااعلان کیا،جبکہ ڈسٹرکٹ بارکے سابق جنرل سیکرٹری سید فیضان حیدر ایڈووکیٹ ،ظفر اقبال قاضی اور سید محمد علی شاہ کو ایگزیکٹو ممبر بنانے کی منظوری بھی دی گئی۔


محمدی ٹیچنگ ہسپتال میرپور میں فائنل ائیر کے طلباء و طالبات کیلئے ورکشاپ کا انعقاد
میرپور ( کامران عابد بخاری نمائندہ پنڈی پوسٹ ) محمدی ٹیچنگ ہسپتال میرپور میں فائنل ائیر کے طلباء و طالبات کیلئے ورکشاپ کا انعقاد،حادثہ کے بعد زخمیوں کی فوری طبی امداد،بے ہوش مریض ،دل کی حرکت بند ہونے کے بعد کے اقدامات،ابتدائی طبی امداد اور جان بچانے کے اقدامات بارے ٹریننگ دی گئی،پروفیسر قارب عباس،اسسٹنٹ پروفیسر عمران ظہور،پروفیسر طارق مفتی، پروفیسر طارق بقائی، پروفیسر دانیال رشید نے لیکچر دئیے اور عملی طور پر پریکٹس کرائی،تفصیلات کے مطابق محمدی ٹیچنگ ہسپتال میرپور ملحقہ محی الدین میڈیکل کالج میرپور میں فائنل ائیر کے طلباء و طالبات کیلئے ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں محی الدین میڈیکل کالج میرپور اور دیگر کالجوں کے طلباء و طالبات اور ہسپتالوں میں ڈیوٹی دینے والے نرسنگ سٹاف نے بھی شرکت کی۔ورکشاپ میں پروفیسر قارب عباس،اسسٹنٹ پروفیسر عمران ظہور،پروفیسر طارق مفتی، پروفیسر طارق بقائی، پروفیسر دانیال رشید ودیگر نے طلباء وطالبات کو بے ہوش مریض، شدید حادثہ کے بعد،دل کی حرکت بند ہو جانے کے بعد، ابتدائی طبی امداد اور جان بچانے کیلئے اقدامات، مریض کو ہسپتال منتقل کرنے سے پہلے اور ہسپتال میں فوری نگہداشت بارے سکھایا گیا۔ ورکشاپ کے آرگنائزر اسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عمران ظہور تھے۔ اس موقع پر کلینکل ڈائریکٹر پروفیسر قارب عباس،اسسٹنٹ پروفیسر عمران ظہور،پروفیسر طارق مفتی، پروفیسر طارق بقائی، پروفیسر دانیال رشیدنے طلباء و طالبات کو لیکچر دئیے اور عملی طور پر (ماڈل) پر تجربہ کر کے بریف کیا۔ورکشاپ کل چھ سیشن میں اختتام پذیر ہوئی جس میں طلباء و طالبات کو مختلف گروپس کی شکل میں تفصیل سے ٹریننگ دی گئی اور بذریعہ پروجیکٹر وڈیوز بھی دکھائی گئیں۔ورکشاپ کے آخر میں پرنسپل ایم آئی ایم سی،ایم ایس محمدی ہسپتال ڈاکٹر اعجاز اور پروفیسر صاحبان نے سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کیے۔
میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس کی باقاعدہ کلاسز جاری ہیں
میرپور ( کامران عابد بخاری نمائندہ پنڈی پوسٹ )محترمہ بے نظیربھٹوشہید میڈیکل کالج کے ترجمان کی پریس ریلیز کے مطابق میڈیکل کالج میں ایم بی بی ایس کی باقاعدہ کلاسز جاری ہیں ۔کالج کے پرنسپل اور کالج کی اکیڈمک کونسل کی طرف سے کوئی ایسااجلاس منعقد نہیں ہواجس میں سابق پرنسپل ڈاکٹر میاں عبد الرشید کی بحالی کے حوالے سے کوئی قرارداد پاس کی گئی ہویا حکومت سے بحالی کا مطالبہ کیاگیاہواورنہ ہی میڈیکل کالج کے پروفیسر صاحبان اور فیکلٹی میں کالج کے حوالے سے کوئی بے چینی ہے ۔محترمہ بے نظیربھٹوشہیدمیڈیکل کالج سرکاری ریاستی ادارہ ہے اور اس کے مسائل ومعاملات حل کرناحکومت کی ذمہ داری میں شامل ہے۔ کالج انتظامیہ ،پروفیسر ز اورفیکلٹی کوکالج کے حوالے سے کوئی تشویش اوربے چینی نہیں ہے۔تمام پروفیسرباقاعدگی سے اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ترجمان نے اپنے وضاحتی بیان میں مزید کہاکہ محترمہ بے نظیر بھٹوشہید میڈیکل کالج سمیت آزادکشمیرکے تینوں میڈیکل کالجوں میں میڈیکل کی تعلیم پاکستان کے بڑے میڈیکل کالجوں کے برابردی جارہی ہے۔ ان کالجوں میں تعینات فیکلٹی کاشمارپاکستان کے بڑے میڈیکل کالجوں کی فیکلٹی کے برابرہے۔ میڈیکل کالجوں کی فیکلٹی اورمیڈیکل کالجوں کی طلباء وطالبات کاایک ایک لمحہ قیمتی ہے میڈیکل کالجوں کی فیکلٹی اورطلباء وطالبات کاہڑتالوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ترجمان نے مزید وضاحت کرتے ہوئے میڈیاکے ذمہ داران سے کہاکہ وہ میڈیکل کالج کے حوالے سے کوئی رپورٹ شائع کرنے سے قبل کالج انتظامیہ سے رابطہ کرکے اصل حقائق معلوم کریں تاکہ عوام کے سامنے اصل حقائق آسکیں۔ غلط رپورٹنگ کی وجہ سے اداروں کی ساکھ کو ناقابل تلافی نقصان ہوسکتاہے۔ انھوں نے کہاکہ اداروں کااستحکام قانون وضوابطہ کی عملداری اورڈسپلن کی پابندی سے وابستہ ہے نہ کہ کسی ایک فرد سے ،سابق پرنسپل کی برطرفی سے کالج کا نظام متاثرنہیں ہوا۔ محترمہ بے نظیربھٹوشہیدمیڈیکل کالج کی تھرڈ ایئرکلینکل کلاسز کاباقاعدہ آغاز ہوگیاہے جنھیں میڈیکل کالج کے ٹیچنگ ہسپتال ڈویژنل ہیڈکوارٹر میرپور میں مایہ ناز فیکلٹی کے ہمراہ پریکٹس کروائی جارہی ہے۔
انشاء اللہ وہ دن دو رنہیں جب کشمیر کے لوگ زہنی انتشار سے نجات حاصل کریں گے‘ بلال مشکور بٹ
میرپور ( کامران عابد بخاری نمائندہ پنڈی پوسٹ ) 11فروری شہید کشمیر مقبول بٹ کی یاد میں آزادکشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں مختلف مکتبہ فکر کے لوگوں نے اپنے اپنے انداز میں شہید کی عظمت کو سلام پیش کیا ایم کیوایم کے زونل آفس میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں شہید کشمیر مقبول بٹ کی قربانیوں کو سراہا گیا اور ان کے بلند درجات کیلئے دعا کی گئی زونل انچارج بلال مشکور بٹ نے کہا کہ انشاء اللہ وہ دن دو رنہیں جب کشمیر کے لوگ زہنی انتشار سے نجات حاصل کریں گے اور اپنے مستقبل کا فیصلہ اپنی رائے سے کریں گے آزادی کی اس راہ میں جتنے لوگ شہید ہوئے ان کے لیے بھی دعا کی گئی پاکستان کی موجودہ صورتحال اس وقت انتہائی نازک دور سے گزر رہی ہے اگر آج ہم نے مل بیٹھ کر ملی یکجہتی کا ثبوت نہ دیا تو دشمن کی سازشوں سے مزید لوگ انتقام کی بھینٹ چڑھ جائیں گے اور اس کے ناپاک عزائم ہمارے وطن عزیز کو مزید کھوکھلا کردیں گے لہذا اب وہ وقت آگیا گیا ہے کہ سب مل کر پاکستان کو کمزور کرنے والوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑے ہوں اجلاس میں زون ممبر نجم اکبر ،حاجی عبدالستار ،اور سوشل فورم کے انچارج افتخار کھوکھر کے علاوہ ایم کیوایم کے کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

میرپور ( کامران عابد بخاری نمائندہ پنڈی پوسٹ )مسٹ طلبہ نے 2014کا میدان مار لیا ۔غلام اسحاق خان یونیورسٹی صوابی پشاور میں منعقد ہونے والے آل پاکستان ٹیکنیکل فیسٹیول میں سات میں سے چار ایوارڈز مسٹ یونیورسٹی کے طلبہ وطالبات نے جیتے ۔مکینکل انجینئرنگ کے مدثر ،راحت اور قندیل نے پہلی اور اقراء عزیز اور کمپیوٹر انجینئرنگ کے تیمور بیگ نے دوسری پوزیشن حاصل کی ۔نیو کلیئر سائنسدان ڈاکٹر ثمر مبارک مند نے تقسیم انعامات کے دوران مسٹ کے طلبہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مسٹ کا نام میں نے پہلی بار سنا ہے اور اس کے سٹوڈنٹس بہت قابل ہیں میرپوریونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی تاریخ میں سب سے بڑی کامیاب ہے مسٹ کے طلبہ نے ثابت کر دیا ہے کہ ان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے اور وہ بھی دنیا کا مقابلہ کر سکتے ہیں ۔
کشمیری غیروں پر بھروسہ کرنے کی بجائے جدوجہد آزادی کشمیر کی کمان اپنے ہاتھ میں لیں گلنواز چوہدری
میرپور ( کامران عابد بخاری نمائندہ پنڈی پوسٹ )کشمیر کی شناحت اور آزادی کے قاتلوں کو انجام تک پہنچائے بغیر آزادی کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا ۔کشمیری غیروں پر بھروسہ کرنے کی بجائے جدوجہد آزادی کشمیر کی کمان اپنے ہاتھ میں لیں ،ورنہ تاریخ میں ہم بھی اپنی منافقتوں کی وجہ سے میر جعفر اور میر صادق کی صف میں شمار ہوں گے ۔ا ن خیالات کا اظہار JKNSFکے زیر اہتمام گیارہ فروری قائدکشمیر مقبول بٹ شہید اور شہدائے چگوٹھی کی یوم شہادت پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے این ایس ایف کے مرکزی رہنما گلنواز چوہدری ،رضا انور ،طیب شاہد ،عامر حبیب اور نیشنل عوامی پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر اللہ دتہ چوہدری اور میرپور بار کے صدر سردار اعجاز نذیر ایڈووکیٹ نے کیا ۔جلسہ سے قبل میرپور ڈگری کالج سے شاندار ریلی کا آغاز ہوا جس کی قیادت این ایس ایف کے اسد ہمایوں ،عبدالرؤف ،عاصم طاہر ،کمال خان ،صادام حسین ،ناصر چوہدری ،خان صنان ،ذوہیب مرزا ،افتخار حسین جرال او ر نیپ کے اسلم مغل اور ارشد ملک ایڈووکیٹ کر رہے تھے ۔ریلی کے شرکاء غیر ملکی غاصبوں کشمیر ہمارا چھوڑ دو ۔جیے کشمیر میری جان ۔جموں کشمیر گلگت بلتستان ۔تقسیم کشمیر نا منظور نامنظور ۔بٹ تیرا راستہ ہے ہمارا راستہ کے نعرے لگا رہے تھے ریلی چوک شہیداں کا چکر لگانے کے بعد پریس کلب کے سامنے جلسہ عام کی شکل اختیار کر گئی ۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ مقبول بٹ شہید صحیح معنوں میں کشمیری قوم کی پہچان وقار اور آزادی کا ہیرو ہے جس نے اپنی غلام قوم کو آزادی کا راستہ دکھایا ۔مقام افسوس کہ پاکستانہ ہماری آزادی کا وکیل ہونے کا دعویدار ہے آج گیارہ فروری کے دن پاکستان کے نام نہاد حکمرانوں کے منہ سے ایک لفظ بھی کشمیریوں کے آزادی کے ہیرو کے بارے میں نہیں نکلا نہ ہی بیس کیمپ کے غیر ملکی دم چھلا حکمرانوں اور گلگت بلتستان کی اسمبلی میں ان کی یاد بارے کوئی اجلاس ہوا ۔سرکاری اداروں اور سرکاری تعلیمی اداروں میں مقبول بٹ شہید کی قربانی کو خراج تحسین پیش کرنے پر پابندی لگا دی گئی ۔ایسے رویے پاکستانی حکمرانی کی منافقت کا کھلا اصول ہے آزادی کے بیس کیمپ کو پاکستان کے حکمرانوں نے بزنس کیمپ بنا دیا ہے جس میں آئے روز ایسے اقدامات کر کے کشمیریوں کی پیٹھ میں چھرا گونپا جاتا ہے پاکستان کے حکمران پاکستان بیوروکریسی کے ہاتھوں یرغمال بنے ہوئے ہیں کشمیریوں کو سوچنا ہو گا کہ جو اپنے پاکستانی عوام کی زندگی اجیرن کیے ہوئے ہیں وہ کشمیریوں کو کیا آزادی لیکر دیں گے کشمیری لیڈرشپ او ر عوام
خواب خرگوش کے مزے لینے سے باہر نکلے ۔آزادی کی جدوجہد اپنے ہاتھوں میں لیے بغیر آزادی محض ایک خواب رہی رہے گی اور تاریخ کے اوراق پر ہم سب اس جرم میں برابر کے شریک گردانے
جائیں گے ۔
مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے روشن مستقبل کی ضامن جماعت ہے راجہ کامران منظور

میرپور ( کامران عابد بخاری نمائندہ پنڈی پوسٹ )مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے روشن مستقبل اور تحریک آزادی کشمیر کی ضامن جماعت ہے کرپٹ لوگوں سے چھٹکارے کے لیے نوجوان منظم ہو کر مسلم لیگ کا ساتھ دیں نوجوان ہی مستقبل میں مل جل کر ملک و قوم کی ڈور سنبھالیں گے جماعت سے منسلک نوجوانوں کا ہر پلیٹ فارم پر خیال رکھا جائے گا غیر ریاستی جماعتوں کاوایلاکرنے والے بعض عناصربھارت مقبوضہ کشمیر کی طرح یہاں بھی نفرتوں کی دیوار قائم کرنا چاہتے ہیں مسلم لیگ ن پاکستان کی خالق جماعت ہے عوام کی معاشی خوشحالی اور ترقی کے لیے مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت نے جو کام کیے اس کی مثال نہیں ملتی ۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے اوورسیز راہنما راجہ کامران منظور نے حائل (سعودی عرب ) سے کارکنان مسلم لیگ ن سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ بلوچ کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگی امیدوار کی کامیابی کیلئے نوجوان کلیدی کرداراداکریں گے صدر جماعت راجہ فاروق حیدر اور دیگر قیادت سردار طاہر فاروق کی انتخابی مہم بھرپور طریقے سے چلا رہے ہیں انشاء اللہ 22فروری کادن مسلم لیگ ن کی کامیابی کی نوید لے کر طلوع ہوگا اس موقع پر راجہ کامران منظور نے بھارت کی جانب سے ایک مرتبہ پھر کنٹرول لائن پر دیوار تعمیرکرنے کے اعلان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ بھارت کنٹرول لائن پر دیوار تعمیر کرنے کا خیال دل سے نکال دے اگر وہ یہ سمجھتا ہے کہ وہ اس طرح کے حربوں سے کشمیری عوام کو تقسیم کر دے گا تو یہ اس کی بھول ہے ،ہمارے دل مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے لئے دھڑک رہے ہیں ۔کشمیری عوام کو کنٹرول لائن کی خونی لکیر نے تقسیم کر رکھا ہے اور اس کا ذمہ دار بھارت ہے جس نے مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے ۔پاک بھارت تعلقات کی بہتری کے لئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے ،امریکہ اس دیرینہ تنازعے کو حل کرانے کے لئے اپنا اہم کردار ادا کرے ۔کشمیری عوام اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں اور الحاق پاکستان ہماری منزل ہے ۔
میرپور ( کامران عابد بخاری نمائندہ پنڈی پوسٹ )گرلز سائنس کالج کی سابق لیکچرار صائمہ مشتاق کے انتقال پر اسسٹنٹ ڈویژن ڈائریکٹر محترمہ شمیم مرزا نے اظہار افسوس کرتے ہوئے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی اور دکھ کااظہار کیاانہوں نے کہا کہ محترمہ صائمہ مشتاق نیک سیرت ،اعلی ظرف کی مالک ،اچھے اوراوصاف کی اعلیٰ اخلاق کی مالک خاتون تھیں اپنے شعبہ میں مہارت رکھتی تھیں سماجی بہبود کے محکمہ میں بھی اپنی خدمات پیش کرچکی تھی سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی تھیں اللہ تعالیٰ ان کو اپنے جوار رحمت میں اعلیٰ مقام عطافرمائے محکمہ تعلیم ڈویژن ڈائریکٹر اور جملہ ملازمین نے ان کی مغفرت کیلئے دعا بھی کی۔
ممتاز بیگم مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے تعزیتی اجلاس
میرپور ( کامران عابد بخاری نمائندہ پنڈی پوسٹ )ممتاز بیگم مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے تعزیتی اجلاس ۔ اسسٹنٹ ڈویژن ڈائریکٹر شمیم مرزا کی زیرصدارت ایک اجلا س منعقد ہوا ،اجلاس میں مرحومہ کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے ساتھ دلی ہمدردی کااظہار کی گئی ۔اجلاس میں تنویر نوابی ،کوثر منظور اور دیگر سٹاف نے شرکت کی ۔مرحومہ کرنل نذیر کی اہلیہ ،شاہد منیر ،ڈاکٹر طارق بھٹی کی ساس اور پروفیسر سعید کی بڑی بہن تھیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں