مکان فروخت کے بہانے شہری سے 55 لاکھ کا فراڈ

کلرسیداں (یاسر ملک)
مکان فروخت کے بہانے 55 لاکھ کا فراڈ، جعلی چیک دے کر رقم ہڑپ کر لی گئی۔موضع کورال میں مکان کی جعلی فروخت کا ڈرامہ رچا کر شہری سے 55 لاکھ روپے ہتھیا لیے گئے۔ ملزم نے رقم کی واپسی کے لیے جعلی چیک جاری کیا جو بینک میں ڈس آنر ہو گیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق کامران اختر نامی شہری، جو سروہا چوہدریاں کا رہائشی اور کنسٹریکشن کے شعبے سے وابستہ ہے، نے مقدمہ درج کرواتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اس نے اپنے برادر نسبتی خرم شہزاد سے مکان خریدنے میں مدد طلب کی، جس پر خرم شہزاد نے اپنے دوست دانش ظفر سے بات کی۔ دانش ظفر نے موضع کورال میں واقع ایک مکان فروخت کرنے کی پیشکش کی۔کامران اختر کے مطابق، اس نے چوہدری عرفان اور محمد عثمان کی موجودگی میں دانش ظفر کو 55 لاکھ روپے نقد ادا کیے، جس کے عوض دانش نے ایک بیانِ حلفی دیا اور وعدہ کیا کہ وہ یکم اپریل 2025 تک مکان کی رجسٹری کامران اختر کے نام منتقل کر دے گا۔تاہم، وعدے کے برعکس، دانش ظفر نے رجسٹری کی تاریخ سے چند روز قبل کامران سے رابطہ کیا اور کہا کہ وہ مکان فروخت نہیں کرنا چاہتا۔ اس نے رقم واپس کرنے کے لیے ایک چیک دیا، جو بعدازاں بینک میں جمع کروانے پر باؤنس ہو گیا۔کامران اختر نے مؤقف اپنایا ہے کہ ملزم نے مکمل منصوبہ بندی سے فراڈ کیا، جعلی چیک جاری کیا اور اس کی رقم ہڑپ کر لی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے دانش ظفر کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں