اسلام آباد(اویس الحق سے)پاکستان کی گہرے پانی کی بندرگاہ پر ملکی تاریخ کا سب سے بڑا کنٹینر بردار بحری جہاز لنگر انداز ہوگیا۔
ترجمان ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 400 میٹر لمبا اور 24,070 ٹی ای یوز گنجائش والا ایم ایس سی مِکول کراچی پہنچ گیا، ایم ایس سی مِکول جہاز ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینل پر کامیابی سے لنگر انداز ہوا۔
ہچیسن پورٹس پاکستان نے جہاز کی برتھنگ کے لیے عالمی معیار کی سہولیات فراہم کیں، ایم ایس سی مِکول دنیا کے جدید ترین اور بڑے کنٹینر جہازوں میں شمار ہوتا ہے۔
بڑے جہاز کی آمد پاکستان کی بحری تاریخ میں نیا سنگِ میل ہے، ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینل ملک کا واحد گہرے پانی کا کنٹینر ٹرمینل ہے۔
دنیا کے بڑے بحری جہازوں کی آمد عالمی شپنگ لائنز کے پاکستان کی بحری صلاحیت پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا ثبوت ہے، بڑے جہازوں کی برتھنگ سے تجارتی کارکردگی میں نیا اضافہ متوقع ہے۔