مشکل حالات کے باوجود نئی صبح طلوع ہو کر رہے گی، کارکن متحد رہیں: میجر (ر) لتاسب ستی

شہباز رشید. چوہدری نمائندہ پنڈی پوسٹ۔
تفصیلات کے مطابق میجر ر لتاسب ستی نے کہا ہے کہ ملک اس وقت مشکل حالات سے گزر رہا ہے لیکن یہ تاریک رات زیادہ دیر قائم نہیں رہے گی اور جلد ایک نئی صبح طلوع ہوگی۔ کارکنان متحد رہیں اور قائد عمران خان کی کال پر لبیک کہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میں اپنے زیر اہتمام منعقدہ افطار ڈنر کے موقع پر کارکنان سے مختصر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے دورِ حکومت میں مری کو کوٹلی ستیاں، کہوٹہ اور کلرسیداں سے ملانے کے لیے ٹورازم ہائی وے منصوبہ شروع کیا گیا جس کا مقصد خطے میں سیاحت اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا تھا۔


انہوں نے کہا کہ ضلع مری کا قیام اور مری یونیورسٹی کا قیام پی ٹی آئی حکومت کے تاریخی اقدامات تھے۔ پی ٹی آئی حکومت نے مری یونیورسٹی کے تین کیمپس کوٹلی ستیاں، کہوٹہ اور کلر سیداں میں قائم کرنے کا اعلان کیا تھا مگر موجودہ فارم 47 کی حکومت کی عدم توجہی کے باعث یہ منصوبے مکمل نہ ہو سکے۔

میجر (ر) لتاسب ستی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلع مری کی ترقی کے لیے مختص فنڈز دیگر علاقوں میں خرچ کیے جا رہے ہیں جبکہ کوٹلی ستیاں میں ٹیکنیکل کالج کا منصوبہ بھی سیاسی مصلحتوں کی نذر ہوتا دکھائی دے رہا ہے مگر وہ بن کے رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ جبر و ظلم کا یہ دور زیادہ دیر برقرار نہیں رہ سکتا اور بہت جلد عمران خان جیل سے باہر آ کر ملک میں ترقی کے نئے دور کا آغاز کریں گے۔


اس موقع پر سابق رکن اسمبلی کرنل (ر) شبیر اعوان، راجہ آفتاب جنجوعہ، راجہ فیصل زبیر، راجہ اشفاق جنجوعہ، راجہ مبشر، چوہدری راشد حسین، راشد کیانی، راجہ افتخار ملنگی، چوہدری جاوید اقبال، چوہدری ظہور، محمد شہزاد اور ملک شوکت محمود ۔شیخ برہان سمیت ضلع مری اور راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں کارکنان اور تنظیمی عہدیداران نے شرکت کی۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.