مری(اویس الحق سے)پنجاب بھر کے مختلف اضلاع اور تحصیلوں کی طرح ضلع مری کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئےکرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ سی،سی،ڈی کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا۔مری میں آئے روز جرائم خصوصاً قبضہ مافیاء کے خلاف شکایات اور عوام میں عدم تحفظ کے باعث حکومت پنجاب نے یہ فیصلہ کیا۔باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مری سے 76 جرائم پیشہ افراد کی فہرستوں کو تیار کرنے کے بعد کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ سی،سی،ڈی کے حوالے کردیا گیا ہے ۔
ان میں قبضہ گروپ منشیات فروش اور 12 مختلف محکموں کے ملازمین کے نام شامل ہیں جبکہ مزید لسٹ بھی تیار کی جا رہی ہے جس میں ان جرائم پیشہ افراد کی پشت پناہی کرنے والے بھی شامل ہیں۔کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ سی،سی،ڈی تمام ونگزکو مختلف ٹاسک سونپے جائیں گے۔
کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاراور افسران وردی پہننے کے پابند نہیں ہونگے،نوٹیفکیشن کے مطابق سی ،سی ،ڈی کے اہلکار دوران ٹریننگ اور سربراہ کی ہدایت پر وردی پہنیں گے۔کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ پنجاب پولیس کے سربراہ کے ماتحت ہوگا۔یاد رہے کہ پنجاب کے مختلف اضلاع اور تحصیلوں میں بڑی تعداد میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف سی،سی،ڈی کی کارروائیاں جاری ہیں جن میں خاصی بڑی تعداد میں گرفتاریاں علم میں لائی جا چکی ہیں۔