کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) محکمہ زراعت توسیع کلر سیداں کی جانب سے زیادہ گندم اگاؤ زیادہ پیداوار بڑھاؤ مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ اس سلسلے میں پیر مہر علی شاہ زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے اشتراک سے یونین کونسل بشنڈوٹ کے موضع پشندوٹ اور اس سے ملحقہ آراضی میں فارمر فیلڈ ڈے اور آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا،
جس میں مقامی کاشتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کی مہمانِ خصوصی اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع کلر سیداں محترمہ تانیہ صفدر اور زراعت آفیسر (فیلڈ) محترمہ کیتھرین پیٹر تھیں۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کا دار و مدار زراعت پر ہے جبکہ گندم ملکی غذائی تحفظ کی بنیاد ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ کاشتکار زیادہ سے زیادہ رقبے پر گندم کی کاشت کریں تاکہ زرعی خود کفالت کا ہدف حاصل کیا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ گندم کی زیادہ پیداوار کے لیے جدید زرعی طریقوں، بروقت بیجائی، متوازن کھادوں کے استعمال اور موثر آبپاشی نظام کو اپنانا انتہائی ضروری ہے۔
ماہرینِ زراعت نے اس موقع پر کسانوں کو اعلیٰ اقسام کے بیج، جڑی بوٹیوں کے انسداد، کیڑوں سے بچاؤ اور زمین کی تیاری کے جدید طریقوں سے آگاہ کیا۔مہم کے تحت روڈ شو، آگاہی واکس، ڈور ٹو ڈور لٹریچر تقسیم اور کارنر میٹنگز کا بھی انعقاد کیا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ کسانوں تک رہنمائی کا پیغام پہنچایا جا سکے۔
کاشتکاروں نے محکمہ زراعت کی ان کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس طرح کی سرگرمیاں مستقبل میں فصلوں کی پیداوار میں نمایاں بہتری کا باعث بنیں گی۔محکمہ زراعت کے مطابق یہ آگاہی و رابطہ مہم پورے ہفتے تک تحصیل کلر سیداں کی مختلف یونین کونسلوں میں جاری رہے گی، جس دوران کسانوں کو عملی تربیت، فنی رہنمائی اور مشاورتی خدمات فراہم کی جائیں گی۔