لاہور،شوہر کے ہاتھوں بیوی قتل،سنسنی خیزانکشافات

لاہور کے علاقے شادمان میں شوہر کے ہاتھوں بیوی کے لرزہ خیز قتل کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقتولہ کے شوہر، ساس اور تین دیوروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ مقتولہ کے والد محفوظ احمد کے بیان پر درج کیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق قتل کا واقعہ گزشتہ روز پیش آیا، جس میں خاتون کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا۔ مدعی کا کہنا ہے کہ انہوں نے 12 سال قبل بیٹی کی شادی پر 150 تولہ سونا دیا، تاہم شوہر اور سسرالی مسلسل بیٹی کو تنگ کرتے رہے۔

مدعی کے مطابق بیٹی کا شوہر اکثر جھگڑا کرتا تھا اور بیٹی کا گھر بسانے کے لئے ڈیفنس میں کمرشل پلاٹ اور برانڈتھ روڈ پر دکان بھی دی گئی۔ اس کے باوجود شوہر، ساس اور دیور مزید ساڑھے تین کروڑ روپے کا مطالبہ کر رہے تھے۔

بتایا گیا کہ مدعی نے ایک کروڑ روپے اپنے ملازم کے ذریعے داماد اسماعیل کو بھجوائے، جبکہ ملزم مقتولہ کی گاڑی فروخت کرنا چاہتا تھا، جس پر جھگڑا ہوا اور بعد ازاں قتل کا واقعہ پیش آیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کے بعد مقتولہ کے شوہر سمیت بعض ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔