قومی ائیرلائن کو برطانیہ کیلئے مسافر پروازیں چلانے کی اجازت مل گئی

برطانیہ کے ڈپارٹمنٹ آف ٹرانسپورٹ نے قومی ایئر لائن کے سی ای او کے نام اجازت نامہ جاری کیا ہے جس کے مطابق قومی ایئر لائن کو پانچ سال بعد کارگو فلائٹس چلانے کی مستقل اجازت مل گئی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق قومی ایئر لائن کو کارگو فلائٹس کے بعد برطانیہ کے لیے مسافر بردار پروازیں چلانے کی اجازت بھی مل گئی ہے۔ 

برطانوی ادارے کی جانب سے 23 ستمبر کو  جاری ہونے والے خط کے مطابق قومی ایئر لائن کو کارگو پروازوں کی اجازت اسلام آباد، لاہور اور کراچی ایئر پورٹس سے برطانیہ کے لیے دی گئی ہے۔ کارگو فلائٹس کا اجازت نامہ 18 اگست 2030 تک کے لیے ہے۔

جاری خط کے مطابق اسلام آباد اور لاہور سے برطانیہ جانے والے سامان کی چیکنگ کے لیے EDS مشین کا استعمال نہیں ہوگا لیکن برطانوی سیکیورٹی حکام قومی ایئر لائن کے طریقہ کار کا اچانک معائنہ کر سکیں گے۔

کئی سالوں کے بعد اب قومی ایئر لائن برطانیہ کو براہ راست کارگو بھیج سکے گی، تاہم قومی ایئر لائن کے فضائی بیڑے میں اس وقت کوئی کارگو طیارہ موجود نہیں ہے۔