فیلڈ مارشل سے انڈونیشیا کے وزیر دفاع کی ملاقات ،دوطرفہ دفاعی تعاون سمیت علاقائی سیکیورٹی امور پرگفتگو

راولپنڈی(اویس الحق سے)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے انڈونیشیا کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سجافری سجام الدین نے ملاقات کی۔انڈونیشیا کے وفد میں مختلف خدمات اور انٹیلیجنس ایجنسیوں کے نمائندے شامل تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے انڈونیشیا کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سجافری سجام الدین نے جنرل ہیڈ کوارٹرز میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے تفصیلی ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دوطرفہ دفاعی تعاون، علاقائی سیکیورٹی کے امور اور فوجی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی اور تعاون پر زور دیا گیا جبکہ فیلڈ مارشل نے خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لئے باہمی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔آئی ایس پی آر کاکہناہے کہ انڈونیشیا کے وزیر دفاع نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کے کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو بڑھانے کے لئے انڈونیشیا کے عزم کا اعادہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں