کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) پنجاب ہائی وے پٹرول (PHP) سے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے اختیارات واپس لینے کے حالیہ فیصلے پر عوامی و سماجی حلقوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے عوام دشمن اقدام قرار دیا ہے۔مقامی شہریوں، تاجر برادری اور دیہی علاقوں کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ PHP کی پوسٹیں ہائی ویز اور لنک روڈز پر موجود ہونے کی وجہ سے عوام کو اپنے قریب ہی ڈرائیونگ لائسنس بنانے کی سہولت میسر تھی،
تاہم اختیارات کی واپسی کے بعد اب انہیں دور دراز شہروں کے ٹریفک پولیس دفاتر اور خدمت مراکز کے چکر لگانا پڑیں گے، جس سے وقت اور اخراجات میں اضافہ ہوگا۔عوامی حلقوں کے مطابق اس فیصلے سے ضلعی ٹریفک پولیس کے لائسنسنگ مراکز پر غیر معمولی رش بڑھے گا، جس کے باعث نہ صرف سروس کی فراہمی متاثر ہوگی بلکہ شہریوں کو طویل انتظار کی اذیت بھی برداشت کرنا پڑے گی۔
شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ لائسنس کے حصول میں مشکلات بڑھنے سے نوجوانوں کی بڑی تعداد لائسنس بنوانے سے گریز کرے گی، جس کے نتیجے میں بغیر لائسنس ڈرائیونگ کے رجحان میں اضافہ ہو سکتا ہے جو ٹریفک حادثات کا سبب بنے گا۔مقامی سماجی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ PHP کا لائسنسنگ کے عمل میں شامل ہونا کمیونٹی پولیسنگ کی ایک بہترین مثال تھا،
جس سے پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد میں اضافہ ہوا، تاہم اس سہولت کے خاتمے سے یہ مثبت عمل متاثر ہوگا۔عوامی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے مطالبہ کیا ہے کہ عوامی سہولت اور روڈ سیفٹی کے پیش نظر اس فیصلے پر فوری نظرثانی کی جائے اور پنجاب ہائی وے پٹرول کو ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے اختیارات بحال کیے جائیں تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر سہولت فراہم رہ سکے۔
Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.