عمران کی خواہش تھی پاکستان ڈیفالٹ کر جائے،عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ 9 مئی کو تحریکِ انصاف اور 10 مئی کو بھارت کو شکست دی، تحریکِ انصاف پاکستان کا دفاع کمزور کرنا چاہتی ہے۔ لاہور میں خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کو کھنڈر بنادیا ہے۔عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا کہ پشاور کے اتوار بازار میں پی ٹی آئی کا جلسہ بری طرح ناکام ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی خیبرپختون خوا میں 12 سال سے حکومت کر رہی ہے، جہاں ایک منصوبہ شروع نہ کر سکی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم انتخابی مہم میں کیے گئے تمام وعدے پورے کر رہے ہیں، بانیٔ پی ٹی آئی کی خواہش تھی کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے، یہ پارٹی ملک کو کمزور کرنا چاہتی ہے۔

اُن کا کہنا ہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کا خوف دشمن پر طاری ہے، ملک کی معیشت بہتر ہونے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بڑا کردار ہے۔عطاء تارڑ نے مزید کہا کہ انہوں نے 190 ملین پاؤنڈ کا ڈاکا مارا اس لیے جیل میں ہیں، انہوں نے شہداء کی یادگاروں کو گرایا، وہ کام کیا جو دشمن کرنا چاہتا تھا۔انہوں نے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی کی بہنیں فوج کے خلاف بھارتی میڈیا پر بات کرتی ہیں، شرم آنی چاہیے۔