
راولپنڈی پاکستان اور عمان کے درمیان دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پیش رفت کے طور پر عمان نے پاکستان میں اپنے پہلے ڈرگ لائژن آفیسر (ڈی ایل او) کو باضابطہ طور پر تعینات کر دیا ہے۔ سلیمان الہنائی نے اسلام آباد میں اپنے فرائض سنبھال لیے ہیں، جو کہ بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ نیٹ ورکس کے خلاف مشترکہ کوششوں اور انٹیلی جنس شیئرنگ کو فروغ دینے کی جانب ایک نیا سنگِ میل ہے
۔اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے ترجمان کے مطابق یہ پیش رفت رواں سال اپریل میں اسلام آباد میں منعقدہ خلیجی تعاون کونسل (GCC) کے انسداد منشیات کانفرنس کی کامیابی کے بعد سامنے آئی، جہاں پاکستان کی منشیات کے خلاف جدوجہد کو سراہا گیا۔
کانفرنس کے دوران سلطنت عمان کے ڈائریکٹر جنرل برائے انسداد منشیات نے پاکستان میں ایک ڈرگ لائژن آفیسر کی تقرری کا اعلان کیا، جس کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان عملی تعاون کو مضبوط بنانا ہے
۔سلیمان الہنائی نے 18 جون کو باضابطہ طور پر اپنے فرائض کا آغاز کیا، جو دونوں ممالک کی جانب سے نہ صرف اپنے اپنے ملکوں میں بلکہ خلیج اور جنوبی ایشیا کے وسیع تر خطے میں بھی منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف سنجیدہ عزم کی عکاسی کرتا ہے
۔