لاہور(آن لائن)وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کی ہدایت پر صوبہ بھر کے نمایاں بازاروں میں خواتین کے تحفظ کے لئے ویمن پولیس سکواڈقائم کر دیئے گئے اورصوبہ بھر میں گشت شروع کر دیا گیا۔وزیراعلیٰ کے حکم پر بازاروں میں رش کے اوقات میں خواتین اوربچوں کے تحفظ کیلئے خصوصی ویمن پولیس سکواڈ گشت کریں گی۔
ویمن پولیس سکواڈ کی پیدل، سائیکل اورموٹر سائیکل سوار ٹیمیں بازاروں اورمارکیٹوں میں گشت کریں گی۔ سکواڈبازا روں اورمارکیٹوں میں شاپنگ کیلئے آنے والی خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات کی روک تھام کرے گا۔بازاروں میں سماج دشمن عناصر کی سرگرمیوں کی نگرانی کرے گا۔
سکواڈ شاپنگ کیلئے آنے والی خواتین،بچیوں کو پریشان کرنے کے واقعات کا سدباب بھی کرے گا۔ بازاروں میں عید کے رش کے باعث خواتین سے موبائل،پرس ، چھیننے اورڈکیتی وغیرہ کے واقعات کو روکنے میں مدد ملے گی۔ پیدل سکواڈ بھی بازاروں اور مارکیٹوں میں نگرانی کے فرائض سرانجام دیں گے ۔لاہور، راولپنڈی، سیالکوٹ، فیصل آباد، گوجرانوالہ، چنیوٹ، بورے والا، وہاڑی، خانیوال اور دیگر شہروں میں ویمن پولیس سکواڈ کا بڑے تجارتی مراکز میں گشت شروع ہوگیا۔