شرقی باغ (نمائندہ خصوصی)
الیکشن ٹریبونل نے دھاندلی ثابت ہونے پر وزیر حکومت سردار میر اکبر کی اسمبلی رکنیت ختم کر دی ہے۔ ٹریبونل کے جج جسٹس حافظ سردار اکرم نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے حلقہ شرقی باغ میں دوبارہ انتخابات کرانے کا حکم جاری کر دیا۔
فیصلے کے مطابق سردار میر اکبر پر انتخابات میں غیر قانونی طریقے استعمال کرنے کے الزامات درست ثابت ہوئے جس کے باعث ان کی رکنیت ختم کی گئی۔ الیکشن کمیشن جلد ہی نئے الیکشن کا شیڈول جاری کرے گا۔
سیاسی حلقوں میں اس فیصلے کے بعد ہلچل مچ گئی ہے جبکہ مخالف امیدواروں اور ان کے حامیوں نے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ سردار میر اکبر کی جانب سے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔