سینئر صحافی طارق علی ورک کی گرفتاری،ناروا سلوک اور بدتمیزی پر پریس کلب کلر سیداں کا احتجاج

کلرسیداں (یاسر ملک)
کلرسیداں سینئر صحافی طارق علی ورک کی گرفتاری،ناروا سلوک اور بدتمیزی پر ملک بھر کی صحافتی برادری سراپا احتجاج۔آزادی صحافت پر حملہ، واقعے میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ۔سینئر صحافی اور یو جے آئی کے صدر طارق علی ورک کے ساتھ پولیس کی جانب سے ناروا سلوک، گرفتاری اور بدتمیزی کے واقعے پر ملک بھر کی صحافتی برادری میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ اس واقعے کو آزادی صحافت پر براہِ راست حملہ قرار دیتے ہوئے کلرسیداں کے صحافیوں نے شدید احتجاج کیا۔کلرسیداں پریس کلب کے عہدیداران ملک ریاض احمد، عابد حسین زاہدی، چوہدری عامر کمبوہ، قیصر ادریسی، سرمد بٹ، زاہد فارق، یاسر یاسین ملک، راجہ کامران عزیز، محمد اصغر عباس یوسفزئی، عاطف ادریسی اور ناصر فری نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ طارق ورک کوئی گلی محلے کا کونسلر نہیں بلکہ ہزاروں صحافیوں کا نمائندہ اور ایک توانا آواز ہیں۔ ان کے ساتھ ایسا سلوک دراصل پورے میڈیا کو دبانے کی کوشش ہے، جو کسی صورت قبول نہیں کی جا سکتی۔صحافیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ صرف رہائی کافی نہیں بلکہ واقعے میں ملوث پولیس افسران کو قانون کے مطابق جوابدہ بنایا جائے، اور ان کے خلاف محکمانہ و قانونی کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کوئی صحافیوں کو نشانہ بنانے کی جرات نہ کر سکے۔واضح رہے کہ ملک میں پہلے ہی آزادی صحافت شدیدخطرات کا شکار ہے اور ایسے واقعات اس صورتِ حال کو مزید بگاڑنے کا باعث بن سکتے ہیں۔ صحافی برادری نے اعلان کیا ہے کہ اگر انصاف فراہم نہ کیا گیا تو احتجاج کا دائرہ کار پورے ملک تک پھیلایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں