سید ماجد شاہ کی چار نئی کتب کی تقریبِ رونمائی

پنجابی ادبی و ثقافتی تنظیم دل دریا پاکستان (رجسٹرڈ) کے زیر اہتمام گزشتہ روز ایمبلم ہائر سیکنڈری اسکول سیٹلائٹ ٹاؤن، حیدری چوک راولپنڈی میں معروف ہندکو و پنجابی ادیب سید ماجد شاہ کی چار نئی کتب کی شاندار تقریبِ رونمائی منعقد ہوئی، جس میں ادبی، صحافتی اور سماجی شخصیات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

تقریب کی صدارت تنظیم کے صدر علی احمد گجراتی نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی سید ماجد شاہ تھے۔ اسٹیج پر موجود معزز شخصیات میں ڈاکٹر مہناز انجم، فرخندہ شمیم، صفدر حسین وامق، ازور لون، اکبر نیازی اور کرنل مرتضیٰ علی شاہ شامل تھے۔

ڈاکٹر عامر ظہیر بھٹی، ڈاکٹر عبید بازغ امر، راشد عباسی، اظہر سجاد، سید جمال زیدی، فاطمہ عثمان اور نزاکت علی مرزا نے اظہارِ خیال کیا، جبکہ نظامت کے فرائض مسرت شیریں نے خوش اسلوبی سے انجام دیے۔

انتظامی امور کرنل ریٹائرڈ مرتضیٰ علی شاہ، ڈاکٹر عامر ظہیر بھٹی اور ابرار شاکر نے سرانجام دیے۔ اس موقع پر سید ماجد شاہ کی چار تازہ تخلیقات — ہندکو ناول بیروا، مزاحیہ ناول غ ل، مختصر افسانوں کا مجموعہ کہانڑیں آخدی اے اور نثری نظموں پر مبنی سربن دی چہنگ — کی رونمائی کی گئی، جنہیں حاضرین نے بے حد پسند کیا۔

مقررین نے کہا کہ یہ کتب ہندکو زبان و ادب کے فروغ میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہیں اور ان کے ذریعے زبان کی نئی جہات سامنے آئیں گی۔

تقریب کے انعقاد میں ثبات پاکستان، انگلشرز انٹرنیشنل اور ایمبلم ہائر سیکنڈری اسکول راولپنڈی نے بھرپور تعاون کیا۔ اختتام پر شرکاء نے دل دریا پاکستان (رجسٹرڈ) کی اس ادبی کاوش کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔