سماہنی: زمین کے پانی کے تنازع پر خاتون جاں بحق، مقدمہ درج

سماہنی (نمائندہ خصوصی) –
چوکی سماہنی کے نواحی گاؤں کالچھ میں زمین میں پانی جانے کے تنازع پر افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر پڑوسی کے دھکا دینے سے خاتون جان کی بازی ہار گئی۔

تفصیلات کے مطابق ماسٹر عبدالسلام کی بھابھی شکیلہ کوثر زوجہ ناظم حسین قوم وینس اپنے گھر میں نلکے کا پانی مویشیوں کے صحن میں ڈال رہی تھیں کہ پڑوسی نذیر حسین ولد فتح محمد قوم جٹ نے گالم گلوچ کرتے ہوئے کہا کہ “تمہارے نلکے کا پانی میری زمین میں جا رہا ہے، فوراً بند کرو۔” خاتون نے دوڑ کر نلکا بند کر دیا۔

خاتون کے شوہر ناظم حسین کے بیان کے مطابق نذیر حسین اپنے بیٹے کے ہمراہ چھت سے سیڑھیوں کے ذریعے ہمارے گھر آیا، میری بیوی کو پکڑ کر جھٹکے دیے اور دھکا دیا جس سے وہ سیڑھیوں سے گر کر شدید زخمی ہو گئی۔ بچوں نے والدہ کو اٹھایا مگر وہ جانبر نہ ہو سکیں۔

خاتون کی نعش کو پوسٹ مارٹم کیلئے سماہنی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ایس ایچ او چوکی مہتاب اسلم اہلکاروں سمیت موقع پر موجود ہیں جبکہ پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے۔ مزید حقائق تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔

واقعے کے بعد علاقے میں خوف و افسوس کی فضا قائم ہے اور مقامی افراد نے اس سانحے کو ظلم قرار دیتے ہوئے انصاف کی اپیل کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں