سعودی عرب،امریکی فوجی اڈے پر ایرانی حملہ اہم جاسوس طیارہ تباہ

(پنڈی پوسٹ نیوز )سعودی عرب میں قائم ایک اہم امریکی فوجی اڈے پر مبینہ ایرانی حملے کے نتیجے میں امریکی فضائیہ کا نہایت اہم جاسوس طیارہ ای تھری سینٹری تباہ ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔تباہ شدہ امریکی جاسوس طیارے کی مبینہ تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔ ان تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ طیارہ دو ٹکڑوں میں زمین پر گرا ہوا ہے جبکہ اس کا ڈھانچہ بھی بری طرح متاثر دکھائی دیتا ہے۔تاہم امریکی حکام نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان تصاویر کی تاحال باضابطہ تصدیق نہیں کی۔

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ میں ماہرین کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وائرل تصاویر میں نظر آنے والے تباہ شدہ طیارے پر موجود نشانات اسی مخصوص امریکی نظام سے مماثلت رکھتے ہیں، جسے جنگی حالات میں امریکی افواج کی آنکھ تصور کیا جاتا ہے۔رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس حملے میں نہ صرف امریکی جاسوس طیارہ بلکہ ایندھن فراہم کرنے والے دو بڑے ٹینکر طیارے بھی شدید متاثر ہوئے ہیں۔

اس حوالے سے یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں سو فیصد یقین ہے کہ ایران کو اس حملے کے لیے انٹیلی جنس معلومات روس کی جانب سے فراہم کی گئی تھیں۔واضح رہے کہ اس سے دو روز قبل پرنس سلطان ایئر بیس پر ہونے والے ایرانی حملے میں 15 امریکی فوجی زخمی ہوئے تھے، جن میں سے 5 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.