سرکاری گاڑیوں میں ہائی آکٹین ایندھن کے استعمال پر فوری پابندی عائد

اسلام آباد(پنڈی پوسٹ نیوز)حکومت پاکستان نے اخراجات میں کمی اور کفایت شعاری کے اقدامات کے تحت سرکاری گاڑیوں میں ہائی آکٹین ایندھن کے استعمال پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔یہ فیصلہ ہائی آکٹین ایندھن پر پٹرولیم لیوی میں فی لیٹر 200 روپے اضافے کے بعد کیا گیا۔ وزیراعظم آفس کے مطابق اب کسی بھی سرکاری ادارے کو سرکاری خرچ پر ہائی آکٹین ایندھن استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔

حکومت کے مطابق اگر کسی صورت میں ہائی آکٹین کا استعمال ناگزیر ہو تو اس کی ادائیگی متعلقہ افسر یا صارف کو ذاتی طور پر کرنا ہو گی۔ یہ اقدام حکومت کی جانب سے متعارف کرائے گئے وسیع تر کفایت شعاری اقدامات کا حصہ ہے، جن کا مقصد سرکاری اخراجات میں کمی لانا ہے۔

اس سے قبل حکومت سرکاری گاڑیوں کے ایندھن کے استعمال میں 50 فیصد کمی اور تقریباً 60 فیصد گاڑیوں کے استعمال کو محدود کرنے کا اعلان بھی کر چکی ہے۔تمام وفاقی وزارتوں، اداروں اور ذیلی محکموں کو نئی پالیسی پر فوری اور مکمل عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.