سرواہا چوہدریاں میں دلخراش واقعہ، سوتیلے بیٹے کے ہاتھوں سوتیلی ماں قتل

کلر سیداں (نمائندہ پنڈی) کلر سیداں کے نواحی گاؤں سرواہا چوہدریاں میں گھریلو جھگڑے کے دوران سوتیلے بیٹے کے ہاتھوں سوتیلی والدہ کے بہیمانہ قتل کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جبکہ مقتولہ کو بچانے کی کوشش میں ایک خاتون بھی زخمی ہو گئی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی تلاش شروع کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق رقیبن بی بی زوجہ ظفر اقبال سکنہ سرواہا چوہدریاں نے تھانہ کلر سیداں میں درج کرائی گئی رپورٹ میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کے مرحوم چچا جلیل احمد نے دو شادیاں کر رکھی تھیں۔ ان کی دوسری شادی مسماۃ چاند بی بی سکنہ مانسہرہ سے ہوئی تھی، جن سے کوئی اولاد نہیں تھی۔ مرحوم کے گھر میں چاند بی بی اور ان کا سوتیلا بیٹا علی رضا رہائش پذیر تھے۔درخواست گزار کے مطابق گزشتہ رات ماں بیٹے کے درمیان تلخ کلامی اور گالم گلوچ ہوئی۔ 26 دسمبر کی صبح تقریباً سات بجے شور و غل کی آوازیں سن کر وہ اپنے شوہر ظفر اقبال کے ہمراہ موقع پر پہنچیں تو دیکھا کہ علی رضا نے کلہاڑی سے اپنی سوتیلی والدہ چاند بی بی کے سر اور گردن پر پے در پے وار کیے،

جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو کر زمین پر گر گئیں۔ بعد ازاں ملزم نے کلہاڑی پھینک کر چھری اٹھائی اور مقتولہ کی گردن پر وار کیا، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئیں۔مدعیہ کے مطابق ان کے شوہر ظفر اقبال نے ملزم سے چھری چھڑانے کی کوشش کی تو علی رضا نے دوبارہ کلہاڑی اٹھا کر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں کلہاڑی کا وار ان کے سر پر ہوا جبکہ کلہاڑی کے دستے کے ضرب لگنے سے ان کا ہاتھ بھی زخمی ہو گیا۔ شور و واویلا سن کر ان کا بیٹا محمد علیان بھی موقع پر پہنچا، تاہم اس دوران ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔