کلر سیداں (یاسر ملک) سنی علماء کونسل تحصیل کلر سیداں کے زیرِ اہتمام مین بازار کلر سیداں میں سیرت خاتم المعصومین و عظمتِ صحابہ و اہل بیت کانفرنس نہایت شاندار اور پرجوش انداز میں منعقد ہوئی۔ اس روح پرور اجتماع میں علمائے کرام، تنظیمی رہنماؤں اور عوام کی کثیر تعداد نے بھرپور شرکت کی۔کانفرنس میں معزز مہمانان میں سنی علماء کونسل کراچی ڈویژن کے صدر علامہ رب نواز حنفی، صدر راولپنڈی ڈویژن مفتی تنویر عالم فاروقی، خطیب اسلام مولانا مظفر وٹو، صدر تحصیل کلر سیداں حافظ احسان احمد، مفتی قاسم چلاسی، قاری عبدالحفیظ، قاری صدیق معاویہ، محمد اصغر عباس یوسفزئی، محبوب صدیقی،محمد آذان عمر، سردار تاج، شیخ شفقت، راجہ عاصم ریاض، محمد افضال ریاض سمیت دیگر شخصیات شریک ہوئیں۔ علامہ رب نواز حنفی نے خطاب کرتے ہوئے کہا: “خاتم النبیین و خاتم المعصومین حضرت محمد مصطفی ﷺ کی عزت و ناموس کا تحفظ ہمارے ایمان کا بنیادی جزو ہے۔ ہم نبی کریم ﷺ، صحابہ کرامؓ اور اہل بیت اطہارؓ کی حرمت پر کسی قسم کی آنچ نہیں آنے دیں گے اور زندگی کی آخری سانس تک ان کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔” مفتی تنویر عالم فاروقی نے حکومتِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ سے منظور شدہ “تحفظ ناموسِ صحابہ و اہل بیت بل” کو فوری طور پر نافذ کیا جائے تاکہ فرقہ واریت کا خاتمہ ہو اور ملک میں امن و امان قائم ہو سکے۔ مولانا مظفر حمید وٹو نے کہا: “نبی کریم حضرت محمد ﷺ کی ذات اقدس ہر مسلمان کے لئے بہترین نمونہ ہے۔ آپﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل کر کے ہی دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔” کانفرنس کے اختتام پر ملکی سلامتی، امن و استحکام اور اتحادِ امت کے لیے خصوصی دعا کی گئی
