سارا نظام ہی بے ایمانی پر چل رہا ہے، جسٹس محسن کیانی

اسلام آباد(نمائندہ پنڈی پوسٹ)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے وفاقی دارالحکومت کے پٹوار سرکلز میں پرائیویٹ افراد سے سرکاری امور کرائے جانے کے خلاف درخواست پر ڈپٹی کمشنراسلام آباد کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔دورانِ سماعت جسٹس محسن اخترکیانی نے ریمارکس دیئے کہ اسلام آباد کے پٹوار سرکلز میں 45 اسامیوں پر صرف 9 پٹواری تعینات ہیں اور پٹواریوں نے آگے منشی رکھے ہوئے ہیں، یہ اسلام آباد کی پوسٹیں ہیں کسی اور صوبے کی نہیں۔

اگر مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تو یہ نو پٹواری جیل میں ہوں گے تاہم فی الحال ایسا نہیں کر رہا۔ انہوں نے مزید ریمارکس دیئے کہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری کی یہ پوسٹیں لوکل ہیں فیڈرل نہیں، چیف کمشنر کو تو فائدہ ہے کہ نو بندوں سے 45 کا کام لے رہا ہے ، پورا نظام ہی بے ایمانی پر چل رہا ہے ۔ عدالت نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔