ریڈفاؤنڈیشن ہائی سکول چکسواری کو آن لائن کردیاگیا ‘پرنسل منیر حسین

 

چکسواری( نمائندہ پنڈی پوست )ریڈفاؤنڈیشن ہائی سکول چکسواری کو آن لائن کردیاگیا۔طلباء وطالبات اوروالدین


کا ابتدائی ڈیٹا فیڈ کیا جارہاہے۔مرحلہ وارڈیٹاکی تکمیل کے بعد تمام معاملات اورمعلومات آن لائن ہوں گے۔بچوں کی تعلیمی وتربیتی اُمورکاریکارڈ رکھاجائے گا۔والدین گھربیٹھے اپنے بچے کی کارکردگی کی رپورٹ حاصل کرسکیں گے۔یہ ادارہ کی بہت بڑی پیش رفت ہے۔اس سے ادارہ والدین اورکمیونٹی کے درمیان روابط مضبوط اور تیزہوں گے جس سے بچوں کی تعلیمی کارکردگی پربہت ہی مثبت اثرہوگا۔جلد ہی اس سسٹم کا افتتاح کیا جائے گا۔ان خیالات کااظہار ریڈفاؤنڈیشن ہائی سکول چکسواری کے پرنسپل منیر حسین راجہ نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

آزاد پریس کلب چکسواری کا اجلاس‘ تمام عہدیداران کی شرکت
چکسواری( نمائندہ پنڈی پوست )آزادپریس کلب چکسواری کا ایک اہم اجلاس زیرِ صدارت بانی صدرچودھری سکندرحیات کالس منعقدہوا۔اجلاس میں تمام عہدیداران واراکین نے شرکت کی۔اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اور یہ سعادت صبرشیرازچودھری نے حاصل کی۔نظامت کے فرائض پریس کلب کے جنرل سیکرٹری پروفیسرسیداعجازکاظمی نے اداکیے اورہدیہ نعت بھی آپ نے پیش کیا۔اجلاس سے صدرچودھری سکندرحیات کالس،سرپرستِ اعلیٰ مولانا حق نوازصدیقی،سینئر نائب صدرغلام فرید راجہ،نائب صدردوم محمد مہربان،نائب صدرسوم واجد علی چودھری،ڈپٹی سیکرٹری جنرل نوید حسین مغل،صبرشیرازچودھری اور خالد حسین شاد نے خطاب کیا۔جملہ عہدیداران کو اراکین نے اپنے اپنے خطاب میں اس بات پر زوردیا کہ موجودہ نفسانفسی کے دورمیں اپنی ذات اور مفاد سے بالاترہوکر ملک وقوم اور معاشرے کی فلاح وبہبودکیلئے کام کرنا ہی اصل انسانیت ہے۔صحافت کے تقدس کو برقراررکھتے ہوئے معاشرتی مسائل کو اُجاگرکرنے اور ان کے ممکنہ حل کیلئے اپنا بھرپورکرداراداکریں۔وقتی بلاشبہ صحافیوں کو وہ مراعات اور سہولیات میسرنہ ہوں جن کے وہ مستحق ہیں مگر اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں اور انسانی اقدار کااداراک رکھنے والے لوگوں میں آپ کی بہت قدرہوگی اور اللہ تعالیٰ کی خوشنودی اور سکونِ قلب کیلئے صحافی جس سیدھے راستے مگر انتہائی کٹھن راستے کا انتخاب کرتاہے تو اُسے اپنی عظمت کا احساس کرتے ہوئے مصائب اورتکالیف کو بخوشی سہنا چاہیے۔چودھری سکندرحیات کالس نے اپنے خطاب میں کہاکہ میں اُمید کرتاہوں کہ چکسواری کی عوام ہم سے ہرممکنہ تعاون کریں گے اور بالخصوص آزادپریس کلب چکسواری کے جملہ عہدیداران واراکین اپنی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھائیں گے اور معاشرتی مسائل کو حکومتی ایوانوں تک پہنچانے اُن کے ممکنہ حل کیلئے ہراپنی تمام ترصلاحیتیں بروئے کارلائیں گے۔

چکسواری کے عوام زرخیززمین پر باغات اور سبزیاں اگا کر خود کفیل ہو سکتے ہیں‘محمد شفقت
چکسواری( نمائندہ پنڈی پوست )زراعت آفیسرسرکل چکسواری محمد شفقت نے کہاہے کہ زراعت آفس چکسواری سرکل میں موسمِ بہارکی شجرکاری کیلئے اب تک 3500پھلدارپودے مسمی،ریڈ بلڈ،لوکاٹ،انجیر اور دیگرآسان نرخون پر تقسیم کرچکے ہیں۔ہم چاہتے ہیں کہ عوام علاقہ زیادہ سے زیادہ باغات اور سبزیاں اُگائیں۔چکسواری کی زمین نہایت زرخیز ہے اور یہاں زیادہ سے زیادہ تعداد میں ہم باغات اور سبزیاں اُگاکرخودکفیل ہوسکتے ہیں ا ور اپنی ضروریات پوری کرسکتے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے چکسواری میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔محمد شفقت نے کہاکہ چکسواری میں اس وقت سات آٹھ کے قریب باغات ہیں اور ہم انہیں بھرپورمددفراہم کررہے ہیں۔کسان باغات لگانے کے بعد ان کی دیکھ بھال ٹھیک طرح نہیں کرپاتے اور بعد میں ہمیں اس کا ذمہ دارٹھہراتے ہیں اس لیے میں کسانوں سے اپیل کرتاہوں کہ باغ لگانے کے بعد محکمہ زراعت کے اہلکاران سے مسلسل رابطہ رکھیں اور ہرماہ باقاعدگی سے زراعت آفیسر واہلکارواں سے چیک اپ کرائیں۔محمد شفقت نے کہاکہ ہم پاکستان کے دیگرعلاقوں سے مہنگے داموں سبزیاں اور پھل لاتے ہیں اگر ہم اپنی زمین میں سبزیاں اور باغات اگانا شروع کردیں تو ہم معاشی طورپر بھی بہترہوسکتے ہیں اور گھرکی سبزیاں پھل صحت کیلئے بہت مفید ہوتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں