ریسکیو 1122 نے سال 2025 کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی

آگ لگنے کے 1,704 واقعات، ریسکیو 1122 نے اربوں کا نقصان ہونے سے بچایا
راولپنڈی (پ ر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ پنجاب (ریسکیو 122) راولپنڈی کے پبلک ریلیشنز ونگ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ضلع راولپنڈی میں رواں سال 2025 کے دوران آگ لگنے کے مجموعی طور پر 1,704 واقعات رپورٹ ہوئے، جن پر ریسکیو راولپنڈی کی فائر فائٹنگ ٹیموں نے بروقت رسپانس کرتے ہوئے امدادی کارروائیاں انجام دیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق ان آگ لگنے کے واقعات میں مجموعی طور پر 111 افراد متاثر ہوئے، جن میں 4 افراد جانبحق، 44 شدید زخمی جبکہ 63 افراد معمولی زخمی ہوئے۔ ریسکیو فائر فائٹرز نے پیشہ ورانہ مہارت اور فوری کارروائی کے ذریعے نہ صرف آگ پر قابو پایا بلکہ اسے مزید پھیلنے سے بھی روکے رکھا۔

ترجمان عثمان گجر کے مطابق ریسکیو فائر فائٹرز اور ضلعی ریسکیو انتظامیہ کی مؤثر حکمتِ عملی کے باعث آگ لگنے کے ان واقعات میں تقریباً 2,363 ملین روپے مالیت کے قیمتی اثاثہ جات کو ممکنہ نقصان سے محفوظ رکھا گیا، جو ریسکیو راولپنڈی کی کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

آگ لگنے کی بنیادی وجوہات میں شارٹ سرکٹ، سگریٹ کے استعمال میں لاپرواہی، گیس لیکج، گیس سلنڈر میں آگ لگنا اور دیگر عوامل شامل ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق ان وجوہات سے بچاؤ کے لیے شہریوں میں آگاہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

سال 2025 کے دوران ضلع راولپنڈی میں جنگلات میں آگ لگنے کے 59 واقعات بھی رپورٹ ہوئے، جن پر ریسکیو فائر فائٹرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ کو پھیلنے سے پہلے ہی قابو میں کر لیا، جس سے بڑے پیمانے پر ماحولیاتی اور مالی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔

ریسکیو سروس راولپنڈی آگ لگنے کے واقعات میں کمی لانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔ اس سلسلے میں فائر سیفٹی رولز کے نفاذ، فائر سیفٹی ٹریننگ، آگاہی پروگرامز اور دیگر حفاظتی اقدامات جاری رکھے گئے ہیں تاکہ شہری اپنی اور اپنے املاک کی حفاظت کو یقینی بنا سکیں۔

ریسکیو راولپنڈی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ فائر سیفٹی اصولوں پر عمل کریں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو 1122 کو اطلاع دیں تاکہ قیمتی جانوں اور املاک کو محفوظ بنایا جا سکے۔