رواں سال پشاور میں پی ایس ایل میچز کرانے کا فیصلہ

پشاور میں رواں سال پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے میچز کرانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ صوبہ خیبر پختونخوا کی مجموعی سکیورٹی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطحی اجلاس کور ہیڈکوارٹر پشاور میں منعقد ہوا۔ جائزہ اجلاس کے دوران دہشتگردی کے واقعات میں شہید ہونے والے شہریوں اور سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پشاور میں رواں سال ہونے والے پی ایس ایل (PSL) کے میچز کا انعقاد کیا جائے گا۔

⁠اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملاکنڈ ڈویژن میں صوبائی حکومت کے نظم و نسق کو فوری طور پر صوبائی پولیس اور دیگر صوبائی اداروں کے زیر نگرانی ،ماڈل کے طور پر نافذ کیا جائے گا۔ بعد ازاں اس کامیاب ماڈل کو خیبر پختونخوا کے متاثرہ اضلاع بالخصوص خیبر، اورکزئی اور کرم میں مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا۔

ان اضلاع میں شروع کیے جانے والے تمام ترقیاتی منصوبوں کی مؤثر نگرانی اور کسی بھی قسم کی عسکری کارروائیوں کا جائزہ لینے کے لئے وزیراعلیٰ کی سربراہی میں ایک خصوصی ذیلی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جو ماہانہ بنیادوں پر جائزہ اجلاس منعقد کرے گی۔

وزیراعلیٰ کی سربراہی میں قائم اس خصوصی ذیلی کمیٹی میں منتخب عوامی نمائندگان، کور کمانڈر پشاور، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور صوبائی حکام کے علاوہ وفاقی اداروں کے نمائندے بھی شامل ہوں گے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یہ خصوصی ذیلی کمیٹی ان اضلاع میں، گورننس اور ترقی کے شعبوں میں منصوبوں کی نگرانی کے علاوہ مقامی آبادی کی مستقل آمدنی کو یقینی بنانے کے لئے متبادل روزگار کی فراہمی کے مواقع پیدا کرے گی۔ اس کے علاوہ یہ کمیٹی عارضی طور پر بے گھر افراد کے مسائل کے حل کے لئے مؤثر انتظامات بھی کرے گی۔