روات کلر سیداں دو رویہ سڑک کی تعمیر مکمل ہونے سے قبل میک اپ اتر گیا

ساگری (نمائندہ پنڈی پوسٹ) روات تا کلر سیداں دو رویہ سڑک کی مرمت و تعمیر کا عمل ابھی مکمل نہیں ہوا تھا کہ حالیہ بارش نے منصوبے کا “میک اپ” اُتار دیا۔ جگہ جگہ گڑھے نمایاں ہو چکے ہیں، جس سے نہ صرف عوامی مشکلات میں اضافہ ہوا ہے بلکہ منصوبے میں مبینہ کرپشن یا ناقص مٹیریل کے استعمال کے خدشات نے بھی سر اُٹھا لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، 19 کلومیٹر طویل اس اہم شاہراہ کی بحالی و تعمیر کے لیے 22 کروڑ 73 لاکھ روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی تھی، جبکہ منصوبے کی تکمیل کی آخری تاریخ 30 اپریل 2025 مقرر کی گئی تھی۔ تاہم، مقررہ وقت سے پہلے ہی جہاں جہاں کام مکمل ہوا، وہ سڑک حالیہ بارش برداشت نہ کر سکی اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی۔

راولپنڈی کو آزاد کشمیر سے ملانے والی اس اہم شاہراہ کی بحالی کا آغاز ساگری سے کیا گیا تھا۔ دورانِ تعمیر ہی سڑک کی خستہ حالی نے انتظامیہ اور ٹھیکیدار کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگا دیے ہیں۔

مقامی شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس منصوبے کی شفاف انکوائری کروائی جائے اور اگر کسی قسم کی کرپشن یا ناقص مٹیریل کے استعمال کا ثبوت ملتا ہے تو ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ بصورت دیگر، نہ صرف عوامی پیسہ ضائع ہوگا بلکہ مسافروں کی زندگیوں کو بھی شدید خطرات لاحق رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں