راولپنڈی(اویس الحق سے)راولپنڈی کے تھانہ نیو ٹاؤن کی حدود میں چوری، ڈکیتی اور راہزنی کی وارداتوں میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا ہےجبکہ پولیس مکمل طور پر بے بس دیکھائی دے رہی ہے۔ شہریوں میں بہت زیادہ خوف و ہراس پھیل چکا ہے اور عوام خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق حالیہ ہفتوں میں نیو ٹاؤن اور اس سے ملحقہ آبادیوں میں جرائم کی کئی سنگین وارداتیں رپورٹ ہو چکی ہیں۔ متعددموٹر سائیکلیں،گاڑیاں اورقیمتی اشیاء سے شہریوں کو محروم کر دیا گیا جبکہ راہ چلتے افراد سے دن دہاڑے اسلحے کے زور پر موبائل فونز اور نقدی چھیننے کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں۔سروے رپورٹ کے مطابق علاقہ مکینوں نے متعدد بار شکایات کی ہیں لیکن پولیس اہلکار صرف کاغذی کارروائیوں میں مصروف رہتے ہیں اور شہریوں کی شکایات پر سنجیدگی سے توجہ نہیں دیتے۔ متاثرین کو ایف ،آئی، آر درج کرانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہےجس کے باعث کئی واقعات پولیس ریکارڈ میں آ ہی نہیں پاتے۔مقامی لوگوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ رات کے وقت گلی محلوں میں چوروں کا راج ہوتا ہے، اور پولیس صرف دن کے وقت نظر آتی ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ عوامی وفود نے متعدد بار اعلیٰ پولیس حکام کو شکایات درج کروائیں لیکن تاحال کوئی مؤثر اقدامات نہیں کیے جا سکے۔ جرائم پیشہ افراد پولیس کی کمزور گرفت سے فائدہ اٹھا کر بلا خوف و خطر سرگرم ہیں۔عوامی و سماجی حلقوں نے آئی جی پنجاب، آر پی او اور سی پی او سے مطالبہ کیا ہے سخت ترین آپریشن شروع کیا جائے اور شہریوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے۔
