راولپنڈی (رپورٹ: حماد چوہدری)راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) نے کیپیٹل سمارٹ سٹی فیز 3 کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں پر بھرپور کارروائی کرتے ہوئے سکیم کا مارکیٹنگ آفس اور یو بی ایل کا اے ٹی ایم سیل کر دیا۔ یہ کارروائی ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ کی خصوصی ہدایت پر عمل میں لائی گئی۔ترجمان آر ڈی اے کے مطابق، کیپیٹل سمارٹ سٹی فیز 3 کی جانب سے بغیر این او سی کے پلاٹوں کی بکنگ، تشہیر اور تعمیر کا سلسلہ جاری تھا، جو پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 کی صریح خلاف ورزی ہے۔ کارروائی پولیس سٹیشن چونترہ کے تعاون سے کی گئی۔ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے اور ایسی سرگرمیوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی ہاؤسنگ سکیم میں سرمایہ کاری کرنے سے پہلے اس کی قانونی حیثیت ضرور چیک کریں۔آر ڈی اے کی جانب سے قانونی اور غیر قانونی سکیموں کی مکمل فہرست آر ڈی اے کی آفیشل ویب سائٹ پر دستیاب ہے
