مری(اویس الحق سے)راولپنڈی مری کشمیر ہائی وے(آر،ایم،کے)روڈ پر مون سون کی طوفانی بارشوں کے باعث مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈ کے چھوٹے بڑے واقعات رونماء ہوئے جن میں بڑا واقعہ سالگراں لینڈسلائیڈنگ کا ہوا جہاں قریباً 50 فیصد تک سڑک لینڈ سلائیڈنگ کی نظر ہو گئی ہے۔
لینڈ سلائیڈنگ کی کال ریسکیو 1122 کو موصول ہوتے ہی روانہ کر دیا گیا تھا جہاں سلائیڈنگ کا شکار ہونے والی سڑک کو سالگراں کے مقام سے ریسکیو اہلکاروں نے موقع پر پہنچ کر فوری ”کارڈن آف” کر دیا جبکہ کسی بھی بڑے حادثے سے بچنے کےلئے نزدیک ٹیم تعینات کر دی گئی۔
سالگراں لینڈسلائیڈنگ کے دوران خوش قیمتی سے کوئی جانی نقصان رونماء نہیں ہوا۔ریسکیو 1122 کی جانب سے مری آنے والے سیاحوں کو محفوظ سفر کےلئے ایکسپریس وے سے جانے کی ہدایت کی گئی ہیں جبکہ مری شہر سمیت مضافاتی علاقوں میں طوفانی بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی کے باعث گھروں میں پانی داخل ہوا جس سے ناصرف گھروں کو نقصان پہنچا بلکہ لوگوں کے قیمتی مال مویشی بھی بری طرح متاثر ہوئے۔
ایسے میں مری اور مضافات علاقوں میں مختلف مقامات پر گھروں کی دیواریں اور چھتیں گرنے کی اطلاع موصول ہوئی ہیں جبکہ بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ بھی جاری رہا جس سے ناصرف سیاح بلکہ مقامی آبادی کی مشکلات میں حد درجہ اضافہ ہوا۔