اسلام آباد(پنڈی پوسٹ نیوز)دیامرتیزبارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہِ قراقرم اپر کوہستان سے متعدد مقامات پر بند ہوگئی۔پولیس کے مطابق سازین سے داسو کے درمیان کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ ہونے سے ٹریفک معطل ہوگئی جب کہ چلاس کے علاقے منیار کے قریب لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ قراقرم بند ہے۔
چلاس تا گلگت سیکشن ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بحال ہے، شاہراہ قراقرم کی بندش کے باعث مسافروں کو چلاس اور لوئر کوہستان میں روک دیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق مال بردار گاڑیاں بھی پھنس گئی ہیں اور سڑک پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں جب کہ شاہراہ قراقرم کی بحالی کے لیے کام جاری ہے۔
واضح رہے کہ سوات، شانگلہ اور بونیر میں گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے فلیش فلڈ کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔