دھمالی کھیلتے ہوئے کمسن بچہ ڈیم میں گر کر زندگی کی بازی ہار گیا

کلر سیداں(نمائندہ پنڈی پوسٹ) کلر سیداں کے نواحی علاقے دھمالی میں واقع گوہڑہ ڈیم میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں پانچ سالہ بچہ ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق یونین کونسل بھلاکھر کے رہائشی شیر خان کا بیٹا اور محمد ظفیر کا پانچ سالہ پوتا مامن اپنی بڑی بہن اور دادا کے ہمراہ مال مویشی چرانے کے لیے قریبی ڈیم پر گیا ہوا تھا جو اسی دوران کھیلتے ہوئے اس کا پاؤں پھسل جانے سے وہ گہرے پانی میں جا گرا۔

بچی نے فوری طور پر اپنے دادا کو اطلاع دی جس پر گھر میں کہرام مچ گیا جبکہ گاؤں کے لوگ بھی بڑی تعداد میں ڈیم کی جانب پہنچ گئے۔ تاہم ڈیم میں پانی کی گہرائی اور ریسکیو سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث بچے کو نکالنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا جس کے کافی دیر بعد مقامی غوطہ خوروں کی مدد سے بچے کی نعش کو ڈیم سے نکال لیا گیا،

مقامی افراد نے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈیم کے اطراف فوری طور پر حفاظتی باڑ لگائی جائے اور وارننگ بورڈز نصب کیے جائیں تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔