حکومت پنجاب کے فلاحی پروگرام کلینک آن ویلز کے تحت سابق ممبر بلدیہ عابد زاہدی کی رہائش گاہ محلہ غوثیہ میں ایک روزہ میڈیکل کیمپ کا انعقاد

کلرسیداں (یاسر ملک) کلر سیداں محلہ غوثیہ میں کلینک آن ویلز کے تحت میڈیکل کیمپ، عوام کو مفت علاج و ادویات کی فراہمی۔تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کے فلاحی پروگرام کلینک آن ویلز کے تحت سابق ممبر بلدیہ عابد زاہدی کی رہائش گاہ محلہ غوثیہ میں ایک روزہ میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ماہر ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف نے بڑی تعداد میں مریضوں کا معائنہ کیا۔کیمپ میں بچوں، خواتین اور بزرگوں سمیت مریضوں کو مختلف امراض کے حوالے سے مفت طبی مشورے دیے گئے۔ شوگر، بلڈ پریشر اور دیگر عام امراض کی اسکریننگ کی گئی جبکہ مریضوں کو موقع پر ہی مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ ماہرین نے صحت مند طرزِ زندگی، غذائی احتیاط اور بیماریوں سے بچاؤ کے طریقوں پر بھی آگاہی دی۔اس موقع پر شہریوں نے حکومت پنجاب اور محکمہ صحت کی اس کاوش کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات سے عوام کو علاج کی بنیادی سہولت ان کی دہلیز پر میسر آ رہی ہے، خصوصاً ان لوگوں کے لیے جو مالی مسائل یا سفری دشواریوں کی وجہ سے ہسپتال جانے سے قاصر رہتے ہیں۔کیمپ کے منتظمین کے مطابق ”کلینک آن ویلز” پروگرام کے تحت علاقے کے مختلف مقامات پر اسی طرح کے مزید میڈیکل کیمپس لگائے جائیں گے تاکہ عوامی صحت کی سہولیات کو مزید مؤثر اور قابلِ رسائی بنایا جا سکے۔