حکومت سیلاب متاثرین کیلئے بیرون ممالک سے امداد مانگے،راجہ پرویز اشرف

پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ حکومت مناسب سمجھے تو متاثرین سیلاب کی امداد کیلئے انٹر نیشنل کال دے ،اب متاثرین کو ریلیف اور پاؤں پر کھڑا کرنے کا وقت ہے ،پاکستانی قوم اس چیلنج سے بھی انشا اللہ سرخرو ہو کر نکلے گی۔

وہ پیکو روڈ کے شادی ہال میں پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما فیصل میر کی طرف سے منعقدہ چنیوٹ،قصور،مظفر گڑھ اور ملتان کے سیلاب متاثرہ خاندانوں میں امدادی پیکیج تقسیم کرنیکی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کی زیر صدارت تقریب میں جنرل سیکرٹری حسن مرتضی ٰ،سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ ،شاہدہ جبیں،سبط حسن،شہباز درانی بھی موجود تھے ۔ سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ مجھے سیلاب زدگان کا امدادی پیکیج دیکھ کر بہت خوشی ہوئی،وفاقی اور پنجاب حکومت بھی کام میں لگے ہوئے ہیں،کسی دکھ کو اجتماعی سمجھ کر مدد کرنے سے متاثرین کے حوصلے بلند ہوتے ہیں،

فیصل میر نے اعلیٰ مثال قائم کی ہے ،وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب بھی متاثرین کے پاس جا رہے ہیں ۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پیپلز پارٹی سیلاب پر پوائنٹ سکورنگ نہیں کرنا چاہتی،جب تک متاثرین گھروں میں آباد نہیں ہوتے ہم خدمت کرتے رہیں گے ،سیلاب سے پنجاب بڑے پیمانے پر متاثر ہوا ہے ، میں نے جہلم ،چکوال،چنیوٹ،ننکانہ علی پور،مظفر گڑھ میں ہلال احمر اور سویٹ ہوم کے ساتھ امداد دی،لاہور چیمبر،جیو پاک اور سویٹ ہوم کیساتھ پھر ایک ارب کا امدادی پیکیج شروع کر رہے ہیں ،چیئرمین کی طرف سے سینکڑوں کیمپ متاثرہ علاقوں میں بھیجے ۔

سید حسن مرتضیٰ نے کہا کہ فیصل میر کا جذبہ پوری پیپلز پارٹی کیلئے مثال بن چکا۔سیکرٹری اطلاعات شہزاد سعید چیمہ نے کہا کہ پنجاب حکومت کو کہتا ہوں یہ سیاست نہیں ،خدمت کا وقت ہے ،کمالیہ میں سرکار نہیں پہنچی ،یہ پوائنٹ سکورنگ نہیں۔ فیصل میر نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کی سالگرہ کو متاثرین سیلاب کے نام کر دیا ہے ،متاثرین کا امدادی پیکیج انکے گھر کی دہلیز تک پہنچائیں گے ۔