گوجرخان(احمد نواز کھوکھر/سید منور نقوی)دولتالہ کے گاؤں ‘دوکھوہا’ سے تعلق رکھنے والے نوجوان یاسر محمود نے اسلام آباد میراتھن کے کٹھن ترین مراحل میں نمایاں پوزیشن حاصل کر کے علاقہ بھر کا نام روشن کر دیا۔ جنوبی افریقہ میں مقیم یاسر محمود نے 42.2 کلومیٹر (فل میراتھن) کا فاصلہ محض 3 گھنٹے 15 منٹ میں طے کر کے پانچویں پوزیشن حاصل کی،یاسر محمود بن غلام سرور گزشتہ 20 برسوں سے جنوبی افریقہ میں کاروبار سے وابستہ ہیں۔
انہوں نے ثابت کر دیا کہ دیارِ غیر میں سخت کاروباری جدوجہد کے باوجود صحت اور جسمانی چستی پر سمجھوتہ نہ کر کے عالمی معیار کے ایتھلیٹس کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ ان کی یہ کامیابی نوجوان نسل کے لیے ایک مشعلِ راہ ہے۔اس میراتھن میں یاسر محمود کے پورے خاندان نے شرکت کی، یاسر محمود کی اہلیہ نے 10 کلومیٹر کی دوڑ محض ایک گھنٹے میں مکمل کی، ان کی صاحبزادی بھی ایک منجھی ہوئی ایتھلیٹ ہیں جو ماضی میں متعدد مقابلوں میں اعزازات حاصل کر چکی ہیں،شہریوں نے میاں، بیوی اور بیٹی کی اس مشترکہ اسپورٹس اسپرٹ کو ایک صحت مند معاشرے کی بہترین مثال قرار دیا ہے۔
دوکھوہا اور گردونواح کے علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ یاسر محمود نے اپنی جڑوں سے جڑے رہ کر اور وطنِ عزیز میں آ کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا کر ثابت کر دیا ہے کہ کامیابی صرف محنت اور نظم و ضبط کی مرہونِ منت ہے۔کامیابی صرف ان کی ذاتی جیت نہیں، بلکہ یہ گوجر خان کے ہر اس نوجوان کی جیت ہے جو خواب دیکھنے کی ہمت رکھتا ہے۔اس سے یاسر محمود کی وطن سے بے پناہ محبت کا اظہار بھی ہوتا ہے،