تحصیل کلر سیداں میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے زیرِ تکمیل

کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) ایم پی اے حلقہ پی پی 7 راجہ صغیر احمد نے کہا ہے کہ ماہِ رمضان المبارک کے دوران روزہ داروں کی سہولت کے لیے دو دسترخوان قائم کر دیے گئے ہیں جہاں یومیہ 500 افراد کے افطار کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

میونسپل کمیٹی کلر سیداں میں مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ شہر اور نواحی آبادیوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے ایف ڈبلیو او کی نگرانی میں تقریباً 43 فلٹریشن پلانٹس نصب کیے جا رہے ہیں جو تعلیمی اداروں اور رہائشی علاقوں کی ضروریات پوری کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کلر سیداں کے عوام کو معیاری اور سستا سفری نظام فراہم کرنے کے لیے جون کے مہینے میں 10 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی جن میں 60 سال سے زائد عمر کے مرد و خواتین اور طلبہ کے لیے مفت سفر کی سہولت ہوگی۔
ایم پی اے نے مزید بتایا کہ تحصیل کلر سیداں میں 9 سڑکوں کی تعمیر پر کام جاری ہے، بنائل کے مقام پر 40 کروڑ روپے کی لاگت سے 12 کلو میٹر طویل سڑک زیر تعمیر ہے، جبکہ پنڈ بہنسو روڈ (15 کروڑ روپے) اور سہوٹ تا ماہلی سدا کمال روڈ (5 کلومیٹر، 15 کروڑ روپے) کے ٹینڈرز جاری ہو چکے ہیں جن پر جلد کام شروع ہوگا

جبکہ ایم سی کلر سیداں کی بیوٹیفکیشن کے لیے علیحدہ فنڈز مختص کر دیے گئے ہیں، جبکہ مزید 40 کلومیٹر سڑکوں کے منصوبے جون میں فنڈز موصول ہونے کے بعد شروع کیے جائیں گے۔