بیول سکول کے میٹرک ٹاپر کو موٹرسائیکل انعام

چوہدری وسیم ہرسال طالب علم کو نیا موٹر سائیکل گفٹ کرتے ہیں
جازبیت کے ہزار پہلو ہوتے ہیں۔حسن کی جازبیت اور کشش سے کون انکار کرسکتا ہے سب ہی اس کے اسیر نظر آتے ہیں کہتے ہیں حسن دیکھنے والے کی نظر میں ہوتا ہے اور یہ بات کسی حد تک درست بھی ہے کہ آج تک حسن کی کوئی مکمل تعریف سامنے نہیں آسکی ہے۔ ہزار لوگ ہوں تو سب کی اپنی اپنی رائے ہوگی کیا صرف ظاہری رنگ و روپ اور متناسب خدوخال کو حسن کہا جاسکتا ہے؟

یہ بھی درست نہیں ہم۔دیکھتے ہیں کہ معمولی شکل وصورت کے حامل لوگ لاکھوں افراد کی توجہ اور پسندیدگی کا مرکز بن جاتے ہیں۔ دراصل ظاہری رنگ وروپ اور خدوخال سے ہٹ کر بھی ایک چہرہ ہوتا ہے اس چہرے کی تشکیل ہمارا کردار کرتا ہے نیکی‘سچائی‘درد مندی‘ایمان داری‘قناعت‘ صبر سب سے بڑھ کر محبت اور دوسروں کے لیے جینا یہ وہ مثبت صفات ہیں

جن سے کردار تشکیل پاتا ہے جو ہماری شخصیت کو جاذبیت اور کشش عطا کرتی ہیں۔ محبت‘احساس دوسروں کے لیے کچھ بہتر کرنے کی سوچ اور جذبہ انسان کی شخصیت کو خوبصورت بناتے ہیں یہ دنیا کی سب بڑی اور بنیادی حقیقت ہے یہ دنیا ایسے ہی لوگوں کے دم سے خوبصورت ہے انسان کا وجود سارے رشتے ناطے احساس سے وابسطہ ہیں۔بے لوث اور بے غرض محبت احساس کی اعلی ترین معراج ہے۔کسی حساب کتاب‘کسی توقع کسی بدلے کا خیال دل میں لائے بغیر محبت اور احساس جو طمانیت انسان کو عطا کرتا ہے وہ اصل حسن کہلاتا ہے۔

دنیا بھر میں ایسے بے شمار انسان موجود ہیں جو اپنے ظاہری حسن کے ساتھ اپنے کردار کے حسن سے بھی مالا مال ہیں۔بیول کے رہائشی نوجوان چوہدری وسیم جو بسلسلہ روز گار فرانس میں مقیم ہیں ان کی شخصیت سماج کے ان کرداروں کی طرح ہے جو اپنی ظاہری خوبصورتی کے بجائے باطن کوخوبصورت بنانے کی کوشش میں احساس کے اعلی مقام پر فائز ہیں۔

چوہدری وسیم ایک ایسی سیاسی و سماجی شخصیت ہیں جو سیاست کے پلیٹ فارم سے عوامی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں ہیں۔بیول ہائر سکینڈری اسکول میں اساتذہ کی کمی بارے پنڈی پوسٹ میں ڈائری کی صورت کی جانے والی نشاندھی پر چوہدری وسیم نے ہی معروف مسلم لیگی رہنماء سابق ممبر قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری راجہ جاوید اخلاص کو اس مسلے پر ٓاگاہی دیتے ہوئے معاملہ حل کروانے پر زور دیا جس پر راجہ جاوید اخلاص یہ مسلے پنجاب کی وزیراعلیٰ کے نوٹس میں لائے نتیجے میں لاہور سے ایک ٹیم نے بیول بوائز ہائر سکینڈری اسکول کا وزٹ کیا

اور اسکول انتظامیہ سے تفصیلات معلوم کیں اور مسلے کے جلد حل کا وعدہ کیا۔چوہدری وسیم میدان آباد رکھنے کے لیے نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے مقابلوں میں تعاون کرتے ہیں ان کا ایک بہترین کام بیول ہائر سیکنڈری میں ہرسال میڑک میں ٹاپ کرنے والے طالب علم کو نیا موٹر سائیکل گفت کرنا ہے اور یہ کام وہ گذشتہ کئی سالوں سے کر رہے ہیں موٹر سائیکل دینے کی تقریب اسکول کے احاطے میں منعقد کی جاتی ہے جس میں نمایاں پوزیشن لینے والے دیگر بچوں کو بھی نقد انعامات سے نوازہ جاتا ہے

تقریب پر اٹھنے والے تمام اخراجات چوہدری خود کرتے اس اس برس بھی حسب سابق پہلی پوزیشن کے حامل اسٹوڈنٹ اذان کو موٹر سائیکل گفٹ کرنے کی تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی مسلم لیگی رہنماء راجہ جاوید اخلاص تھے۔جنھوں نے اذان کو موٹر سائیکل کی چابی دی۔چوہدری وسیم کی اس کاوش سے بیول کے طالب علموں میں مقابلے کا رجحان پیدا ہوا ہے۔لیکن دوسری جانب ایک توجہ طلب بات یہ ہے کہ چوہدری وسیم بیول کی گرلز ہائر سکینڈری اسکول کی ہماری بچیوں کو نظر انداز کیے ہوئے ہیں حالانکہ کہ ہماری بیٹیاں ہمارے بیٹوں کی طرح بہت لائق ہیں۔ان کے حوالے سے صرف نظر نہیں کیا جانا چاہیے۔

چوہدری وسیم صاحب پہلی پوزیشن لینے والے طالب علم کو موٹر سائیکل گفٹ کرتے ہیں اسی طرح وہ بچیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے پہلی پوزیشن لینے والی بچی کو لیپ ٹاپ یا موٹر سائیکل کی مساوی رقم انعام دے سکتے ہیں وہاں بھی ایک تقریب منعقد کیا جانا چاہیے۔کیونکہ یہ بچیاں بھی ہمارا مستقبل ہیں۔

طالب حسین آرائیں