لاہور(سی این پی) بینک آف پنجاب نے بلدیاتی اداروں کو فعال کرنے کے عدالتی حکم پر عملدرآمد نہ کرنے پر محکمہ بلدیات کے تمام اکاؤنٹس منجمد کردیئے۔نجی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ کی جانب سے بلدیاتی نظام کو فعال کرنے کے فیصلے پر عملدرآمد نہ کرنے پر اکاؤنٹس منجمد ہوئے، محکمہ بلدیات کی لاہور سمیت پنجاب بھر کی مقامی حکومتوں کے مالیاتی امور شدید متاثر ہیں، اکاؤنٹس منجمد ہونے سے تنخواہوں، بجلی کے بلوں کی ادائیگی، یوٹیلیٹی بلوں کی ادائیگیاں رک گئی ہیں، لاہور سمیت پنجاب بھر کے مویشی سیل پوائنٹس کے اخراجات ادا کرنا مشکل ہوگیا۔ محکمہ بلدیات نے اعلی حکام سے معاملے پر فوری مداخلت کی استدعا کردی، محکمہ بلدیات کے پاس روز مرہ کے اخراجات کے لئے بھی رقوم موجود نہیں۔ محکمہ بلدیات کے مطابق مالی امور کو چلانے کی کوشش کی جارہی ہے،جلدحالت پر قابو پالیا جائے گا۔لارڈ میئرلاہورکرنل (ر)مبشرجاوید نے کہاہے کہ سرکاری ادارے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کے پابند ہیں، پنجاب حکومت بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دینا چاہتی ہے نہ نئے بلدیاتی انتخابات کرانے میں سنجیدہ ہے۔