بینکوں کو ہفتہ کے روز بھی کھلا رکھنے کی ہدایت

اسلام آباد(اویس الحق سے)مالی سال 2025-26 کے جولائی تاجنوری کے دوران ٹیکس وصولیوں میں نظرثانی شدہ ہدف کے مقابلے میں 374 ارب روپے کی کمی سامنے آنے پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کمرشل بینکوں کو ہفتہ کے روز بھی کھلا رکھنے کی ہدایت جاری کر دی ہے، تاکہ ٹیکس وصولیوں میں کچھ حد تک اضافہ کیاجاسکے۔

فیڈرل بورڈآف ریونیوکے مطابق جنوری کے آخری ورکنگ ڈے تک مجموعی ٹیکس وصولیاں 7.15 کھرب روپے رہیں،جو مقررہ ہدف سے 374 ارب روپے کم ہیں، تاہم گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں یہ وصولیاں تقریباً 12 فیصد یا 743 ارب روپے زیادہ ہیں۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ہفتہ کے روزسپر ٹیکس کی مد میں مزید 50 ارب روپے وصول ہونے کی توقع ہے،کیونکہ متعددکمپنیاں بقایاجات جمع کرا رہی ہیں۔ اس کے باوجوداصل سالانہ ہدف کے مقابلے میں مجموعی شارٹ فال 597 ارب روپے تک پہنچ چکاہے،جسے عالمی مالیاتی فنڈ ”آئی ایم ایف” نے سست معاشی رفتار اورکم افراطِ زرکے باعث نظرثانی کے بعدکم کیاتھا۔

وصولیوں میں کمی کے پیش نظر اسٹیٹ بینک نے جمعہ کوہدایت جاری کی کہ تمام کمرشل بینک بشمول نیشنل بینک کی کسٹمزکلیکشن برانچز آج ہفتہ کوصبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کھلے رہیں۔