دہلی (پنڈی پوسٹ نیوز) عالمی مارکیٹ میں تیل مہنگا ہونے اور دنیا کے کئی ممالک میں نرخ بڑھنے کے باوجود بھارت نے قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایران اسرائیل جنگ، مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز بند کیے جانے کے بعد دنیا بھر میں توانائی بحران سر اٹھا رہا ہے اور عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کم مدت میں ریکارڈ اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
اس صورتحال میں پاکستان سمیت کئی خلیجی، یورپی اور مغربی ممالک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا دی گئی ہیں۔ تاہم بھارت نے قیمتیں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
این ڈی ٹی وی نے حکومتی ذرائع سے رپورٹ کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باعث بھارت روس سے خام تیل خریدے گا، اس لیے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی حکومت کے پاس نہ صرف ایران میں جنگ سے پیدا ہونے والی سپلائی میں رکاوٹ بلکہ تہران کے زیر کنٹرول آبنائے ہرمز سے گزرنے والے آئل ٹینکروں کے رُکنے کی صورت میں کافی ذخائر موجود ہیں۔