اسلام آباد (پنڈی پوسٹ نیوز)نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بینک اکاؤنٹس، موبائل سمز اور دیگر ضروری سہولیات معطل ہو سکتی ہیں۔
نادرا نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے شناختی کارڈز کی میعاد ختم ہونے سے قبل ان کی تجدید کرائیں، بصورتِ دیگر بینک اکاؤنٹس، موبائل سمز اور دیگر ضروری سہولیات معطل ہو سکتی ہیں۔نادرا کی جانب سے کہا گیا کہ اس وقت ملک میں کروڑوں شناختی کارڈز کی میعاد ختم ہو چکی ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو سرکاری اور فلاحی پروگراموں سے محرومی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
پی ٹی اے کے تعاون سے جاری رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ 81 لاکھ سے زائد سمز ایکسپائرڈ شناختی کارڈز پر چل رہی ہیں، جنہیں کسی بھی وقت بلاک کیا جا سکتا ہے۔
نادرا نے واضح کیا ہے کہ موبائل سروس کی تسلسل کے لیے فعال شناختی کارڈ لازمی ہے۔
مزید برآں، نادرا نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ جون کے بعد تاخیر سے تجدید کرانے والوں پر اضافی فیس یا جرمانہ عائد کیے جانے کا امکان ہے۔اتھارٹی نے متوفی افراد کے لواحقین کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے پیاروں کے نام پر رجسٹرڈ سمز فوری طور پر اپنے نام منتقل کروائیں۔ شہری تجدید کے لیے نادرا مراکز کے علاوہ “پاک آئی ڈی” ایپ اور ای سہولت مراکز سے بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔