راولپنڈی(اویس الحق سے)پاکستان سے بغیر پاسپورٹ اور ویزہ لاہور سے جدہ پہنچ جانے والے شہری شاہ زین احمد نے سندھ ہائی کورٹ میں آئینی پٹیش دائر کر دی، جس میں اس معاملے پر جے، آئی ،ٹی بنانے کی استدعا کی گئی ہے۔کراچی کے شہری انجینیئر شاہ زین احمد رواں ماہ کے سٹارٹ میں ایک ملک کی معروف نجی کمپنی کی پرواز میں لاہور سے کراچی پہنچنے کے بجائے جدہ پہنچ گئے تھے جہاں سے انھیں ڈی پورٹ کیا گیا تھا نے سندھ ہائی کورٹ میں ایڈووکیٹ نواز ڈاھری کی معاونت سے دائر اس آئینی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ملک کی معروف نجی ائیرلائن کا لائسنس معطل کیا جائےاور اس پر ایک جوائنٹ انوسٹیگیشن ٹیم بنائی جائے، ایئر پورٹ سکیورٹی فورس، ایف،آئی،اے کا انٹرنل آڈٹ کیا جائے کیونکہ یہ سکیورٹی لیپس ہے۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر ان کے موکل کو جدہ میں گرفتار کر لیا جاتا تو اس سے ان کی عزت اور شہرت متاثر ہو سکتی تھی۔ایڈووکیٹ نواز ڈاھری کے مطابق قانونی اطلاع اور مناسب کارروائی کے آغاز کے مقصد سے متعدد طریقوں بشمول ای میل، واٹس ایپ اور رجسٹرڈ کوریئر سروس کے ذریعے ملک کی معروف نجی ائیرلائن کو ایک باقاعدہ قانونی نوٹس بھیجا گیا ہے لیکن ان کی جانب سے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا گیا جو ایک سوالیہ نشان ہے۔
