بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر مقدمہ درج گرفتاری ہو گی

ٹریفک پولیس نے شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے یکم اکتوبر تک کی مہلت دے دی ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے واضح کیا کہ مقررہ تاریخ کے بعد بغیر لائسنس ڈرائیونگ کرنے والے ڈرائیوروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ یکم اکتوبر کے بعد بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی یا موٹرسائیکل چلانے پر مقدمہ درج ہوگا، ڈرائیور کو گرفتار کیا جائے گا اور گاڑی بند کر دی جائے گی۔ یہ کارروائی بلاتفریق ہوگی اور شہری چاہے کوئی بھی ہو، انہیں کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔

چیف ٹریفک آفیسر نے مزید کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے فیض آباد ٹریفک آفس، ایف-6 سہولت مرکز اور ٹریفک سہولت وینز کے ذریعے لائسنس بنوانے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ شہری ہمیشہ ڈرائیونگ لائسنس کی فزیکل کاپی اپنے ساتھ رکھیں، ڈیجیٹل کاپی قابل قبول نہیں ہوگی۔

حمزہ ہمایوں نے کہا کہ ایک مہذب شہری ہونے کا ثبوت یہی ہے کہ ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیا جائے تاکہ قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ  بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانا اپنی اور دوسروں کی جان کے لیے خطرہ ہے اور اسلام آباد ٹریفک پولیس کسی بھی شہری کو دوسروں کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دے گی۔