ایف بی آر نے ٹیکس نیٹ میں نہ آنے والے جیولرز کے خلاف کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے متعدد شہروں میں جیولرز کو نوٹسز بھجوا دیے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق ابتدائی مرحلے میں راولپنڈی، اسلام آباد، فیصل آباد اور ملتان کے جیولرز کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے جیولرز سے ان کے ٹیکس معاملات پر وضاحت طلب کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز یہ انکشاف ہوا تھا کہ ملک بھر میں 60 ہزار سے زائد جیولرز کا ڈیٹا ایف بی آر نے جمع کر لیا ہے جن میں سے صرف 21 ہزار رجسٹرڈ ہیں اور ان میں بھی محض 10 ہزار 524 نے باقاعدہ ٹیکس ریٹرن جمع کرائے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بیشتر جیولرز اپنی اصل آمدن چھپانے اور کم ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ ٹیکس ادائیگی سے بچ سکیں۔
ایف بی آر نے اس رویے پر سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے پہلے مرحلے میں پنجاب کے 900 جیولرز کی فہرست تیار کی ہے جنہیں کڑی جانچ پڑتال اور قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔