کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) ایس پی صدر ڈویژن انعم شیر نے گزشتہ روز تھانہ کلر سیداں کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے تھانے میں منعقدہ کرائم میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ کے دوران مختلف نوعیت کے زیرِ تفتیش مقدمات، ان کی پیش رفت اور علاقے میں مجموعی امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ایس پی صدر نے تفتیشی افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ تمام مقدمات کی تفتیش میرٹ، شفافیت اور بروقت مکمل کی جائے تاکہ سائلین کو فوری اور مؤثر انصاف کی فراہمی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ اشتہاری مجرمان اور عدالتی مفروران کی گرفتاری میں کسی قسم کی کوتاہی یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، اور اس ضمن میں ناقص کارکردگی دکھانے والے افسران کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے تھانے کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کا بنیادی فریضہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور جرائم کے سدباب کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کرنا ہے۔ ایس پی صدر نے تھانے میں صفائی ستھرائی، ریکارڈ کی درست ترتیب اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا بھی معائنہ کیا اور ان میں مزید بہتری لانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر ایس ایچ او تھانہ کلر سیداں انسپکٹر عاقب رزاق نے ایس پی صدر کو تھانے کے انتظامی امور، جرائم کی موجودہ صورتحال اور پولیس کی جانب سے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ایس پی صدر نے ایس ایچ او اور تھانے کے عملے کو ہدایت کی کہ عوام کے ساتھ خوش اخلاقی، پیشہ ورانہ رویہ اور قانون کے مطابق فرائض کی انجام دہی کو یقینی بنایا جائے تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کا رشتہ مزید مضبوط ہو سکے۔