راولپنڈی (رپورٹ حماد چوہدری )تھانہ مندرہ کی ایس ایچ او مہر گل لودھی کو معطل کر کے لائن حاضر کر دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق معطلی کی وجہ ڈیپورٹ دہشتگرد ولی جان سے مبینہ ٹیلیفونک رابطہ بتائی جا رہی ہے۔ تاہم اس واقعے کے پس منظر اور ایس ایچ او کی شفاف کارکردگی نے کئی سوالات کو جنم دے دیا ہے۔ذرائع کے مطابق، مذکورہ رابطہ اس وقت سامنے آیا جب کچھ عرصہ قبل ولی جان کے گھر پر کارروائی کے دوران اس کی خواتین رشتہ داروں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اس کے بعد سے ولی جان نے ذاتی عناد میں مبینہ طور پر مہر گل لودھی کو بدنام کرنے اور انتقام لینے کی مہم شروع کی۔ایس ایچ او مہر گل لودھی کو ان کے بے داغ کیریئر اور جرات مندانہ کارروائیوں کی وجہ سے ضلع بھر میں عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا رہا ہے۔انہوں نے مندرہ میں تعیناتی کے دوران متعدد خطرناک ڈاکو گروہوں کو گرفتار کیا۔حال ہی میں ایک افغان نژاد بین الصوبائی ڈکیت گینگ کا قلع قمع کیا، جس کی تفصیل پنجاب پولیس کے آفیشل فیس بک پیج پر بھی شائع کی گئی۔علاقے میں بیرونِ ملک سے آنے والے افراد کو وردیوں کا جھانسہ دے کر لوٹنے والے ایک جعلی سرکاری اہلکار گینگ کا بھی خاتمہ انہی کی قیادت میں ہواباوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ ولی جان ایک ڈیپورٹ دہشتگرد ہے جو نہ صرف سنگین نوعیت کی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے بلکہ سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے پولیس افسران کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈہ بھی کر رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق، ولی جان نے ایس ایچ او مہر گل لودھی کے خلاف ذاتی رنجش کی بنیاد پر انتقامی مہم شروع کی۔ جب اس کے گھر کی خواتین کو قانونی کارروائی کے تحت حراست میں لیا گیا، تو اس نے اس واقعے کو بنیاد بنا کر مہر گل لودھی کو ٹارگٹ کیا اور ایک جھوٹے الزام میں پھنسانے کی کوشش کی۔ذرائع یہ بھی بتاتے ہیں کہ ولی جان دیگر پولیس افسران کے خلاف بھی جھوٹے الزامات اور بیانات دے رہا ہے، لیکن فی الحال ان میں سے کسی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔اس تمام صورتحال میں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ایک دیانتدار، بااصول اور مثالی پولیس افسر کو جان بوجھ کر سازش کا نشانہ بنایا گیا ہے۔اہل علاقہ، سماجی حلقے اور پولیس کے اندرونی ذرائع ایس ایچ او مہر گل لودھی کے حق میں آواز بلند کر رہے ہیں کہ ان کے خلاف کوئی بدعنوانی، نااہلی یا مجرمانہ تعلق ثابت نہیں ہوا۔یہ تمام الزامات ایک ذاتی انتقام پر مبنی جھوٹی مہم کا حصہ ہیں، جس کا مقصد ایک فرض شناس افسر کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے
