ایران کیخلاف جنگ کا مقصد اسرائیلی اثر و رسوخ پاکستانی بارڈر تک لانا ہے،خواجہ آصف

اسلام آباد (پنڈی پوسٹ نیوز) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ایران کے خلاف جنگ کا مقصد اسرائیل کے اثر و رسوخ کو پاکستان کی سرحد تک لانا ہے۔ایک بیان میں خواجہ محمد آصف نے کہا کہ دنیا کے معاشی نظام پر صیہونیت کا ایک صدی سے قبضہ ہے، بڑی طاقتیں صیہونیت کی یرغمال ہیں، وطن عزیز ایک ایٹمی طاقت ہے اور ہماری افواج کا لوہا اللہ کے کرم اور مدد سے دنیا میں مانا جاتا ہے، ہمارے شہیدوں اور غازیوں کا احسان ہے کہ ہماری خود مختاری محفوظ ہے۔ اللہ ان تمام افراد پر رحمتیں نازل کرے جنہوں نے ہمیں ایٹمی طاقت بنانے میں کردار ادا کیا۔ نواز شریف کی ہمت کو سلام جس نے ایٹمی دھماکے کئے۔


انہوں نے کہا کہ ایران کی معاہدے پر رضا مندی کے باوجود ان پہ جنگ مسلط کی گئی ہے، اس کے ایجنڈے میں جو صیہونیوں کا ترتیب شدہ ہے، اس میں یہ بھی شامل ہے کہ اسرائیل کا اثر و رسوخ پاکستان کی سرحد تک لایا جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ افغانستان، ایران اور بھارت سب کے مشترکہ ایجنڈا کی بنیاد پاکستان دشمنی ہے ، ہماری سرحدیں غیر محفوظ ہوجائیں، پاکستان ہر طرف سے دشمنوں میں گھر جائے اور ایک دست نگر ریاست بن جائے۔ 25 کروڑ پاکستانیوں کو چاہے وہ کسی بھی مکتبہ فکر سے رکھتے ہوں اختلافات کے باوجود اس سازش اور ازلی دشمنوں کے عزائم سمجھنے کی ضرورت ہے۔