ایران امریکہ مذاکرات،اسلام آباد میں دو روزہ تعطیل، ٹریفک ایڈوائزری جاری

اسلام آباد (پنڈی پوسٹ نیوز) ایران امریکہ مذاکرات کے پیش نظر اسلام آباد پولیس نے شہریوں کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی۔

اسلام آباد پولیس نے شہریوں کو بتایا کہ غیر ملکی وفود کی آمد و رفت کے حوالے سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں، سرکاری گاڑیوں کے علاوہ ریڈ زون اور گردونواح کے علاقے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہیں، شہری ان علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

ترجمان نے کہا کہ ٹریفک پولیس عوام کی سہولت اور آگاہی کے لیے سڑکوں پر موجود ہے، شہری تحمل کا مظاہرہ کریں اور ٹریفک پولیس سے تعاون کریں۔

ایران امریکہ مذاکرات کے باعث وفاقی دارالحکومت میں بھی 2 روزہ تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 9 اور 10 اپریل کو اسلام آباد میں عام تعطیل ہوگی۔اسلام آباد میں واقع تمام وفاقی سرکاری دفاتر کل بند رہیں گے، تمام افسران، سیکرٹریز اور عملہ گھر سے کام کریں گے اور شہر سے باہر نہیں جا سکیں گے۔

واضح رہے کہ امریکا ایران براہ راست مذاکرات اسلام آباد میں ہوں گے، جس کے لیے آج سے تیاریاں شروع کی جارہی ہیں۔