اٹک: گورنمنٹ ہسپتال میں کیتھ لیب جلد فعال، وزیر صحت پنجاب کا دورہ

صوبائی وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں گورنمنٹ اسفند یار بخاری ڈسٹرکٹ ہسپتال اٹک میں جدید کیتھ لیب بہت جلد فعال کر دی جائے گی، جس سے دل کے مریضوں کے لیے اینجیوگرافی، اینجیوپلاسٹی سمیت دیگر اہم طبی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے یہ بات ہسپتال کے دورے کے دوران کہی۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا، پاکستان مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر ملک حمید اکبر خان، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اسد اسماعیل، ایم ایس ڈاکٹر جواد الٰہی، ڈی ایچ او ڈاکٹر کاشف حسین اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر صحت نے ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا، انتظامی امور کا جائزہ لیا، اور زیرِ علاج مریضوں سے ملاقات کر کے ان کی خیریت دریافت کی۔ متعلقہ افسران نے وزیر صحت کو ہسپتال کی مجموعی کارکردگی اور ضروریات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ گورنمنٹ اسفند یار بخاری ڈسٹرکٹ ہسپتال نہ صرف ضلع کا سب سے بڑا طبی مرکز ہے بلکہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی سرحد پر واقع ہونے کی وجہ سے دونوں صوبوں کے مریضوں کو خدمات فراہم کر رہا ہے۔ ان حالات میں ہسپتال کو خصوصی توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ مستقبل قریب میں ہسپتال میں ڈاکٹرز، نرسنگ اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کمی پوری کی جائے گی جبکہ سی سی یو کو بھی مکمل طور پر فعال بنایا جائے گا۔

خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ اصلاح کی گنجائش ہر جگہ ہوتی ہے، اور اسی جذبے کے تحت وہ اٹک کا دورہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انقلابی منصوبے “کلینک آن ویلز” کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کے تحت پنجاب کے دور افتادہ دیہات میں بھی طبی سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے بھر کے مراکز صحت کی اپ گریڈیشن کا عمل جاری ہے، تاکہ ہر سطح پر معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

بعد ازاں، وزیر صحت نے تھیلیسیمیا سینٹر اور زیر تعمیر جنرل ہسپتال اٹک کا بھی دورہ کیا۔ تھیلیسیمیا سینٹر کے دورے کے موقع پر انہوں نے ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف رضا کی کاوشوں کو سراہا اور حکومت پنجاب کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ جنرل ہسپتال کے دورے کے دوران انہیں بتایا گیا کہ یہ جدید ہسپتال 75 کنال اراضی پر 200 بستروں کے ساتھ پانچ ارب روپے سے زائد کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے، اور جلد عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔

صوبائی وزیر صحت نے نو تعمیر شدہ ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام ضروری انتظامات مکمل کیے جائیں تاکہ مریضوں کو بروقت اور معیاری علاج فراہم کیا جا سکے۔