اٹلی کے شہر ٹیورن میں منعقدہ ورلڈ ونٹر سپیشل اولمپک گیمز 2025 کے میڈلسٹ کھلاڑیوں کے اعزاز میں خصوصی تقریب

اٹلی کے شہر ٹیورن میں منعقدہ ورلڈ ونٹر سپیشل اولمپک گیمز 2025 میں پاکستان کا نام روشن کرنے والے خصوصی کھلاڑیوں کے اعزاز میں اسلام آباد کے ایک نجی ہوٹل میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام پاکستان سپورٹس بورڈ اور سپیشل اولمپکس پاکستان نے مشترکہ طور پر کیا، جس میں کھلاڑیوں کو نقد انعامات دے کر بھرپور حوصلہ افزائی کی گئی۔
چیئرپرسن سپیشل اولمپکس پاکستان رونق لاکھانی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ یہ کھلاڑی ہمارا قومی اثاثہ اور حقیقی ہیروز ہیں۔ وفاقی اور سندھ حکومت کی جانب سے ملنے والے نقد انعامات ان کی خدمات کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومتی تعاون مستقل رہا تو یہ ہیروز مستقبل میں بھی ملک کا نام مزید روشن کریں گے۔
سپیشل اولمپکس کی برینڈ ایمبیسڈر ثروت گیلانی نے کہا کہ خصوصی کھلاڑی صلاحیتوں میں کسی سے کم نہیں۔ یہ اپنے والدین، کوچز اور والنٹیئرز کا فخر ہیں، اور میں چاہتی ہوں کہ یہ آگے چل کر پاکستان کا بھی فخر بنیں۔
کوچ شمائلہ ارم نے کہا کہ گزشتہ پانچ سال ان بچوں کی بھرپور ٹریننگ میں گزرے اور آج پاکستان سپورٹس بورڈ کی جانب سے انعامات ان کی محنت کا ثمر ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ خصوصی کھلاڑیوں کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کی جائے۔تقریب کے اختتام پر کھلاڑیوں کو خصوصی شیلڈز اور نقد انعامات بھی دئیے گئے۔